بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تاجروں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ،وزیراعظم،احسن ظفربختاوری کی سربراہی میں اسلام آبادچیمبرآف کامرس کے وفدکی ملاقات،معیشت بحالی کیلئے تجاویزپیش کیں

اسلام آباد (ممتازنیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاہے کہ کاروباری برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،حکومت ٹیکس نظام میں اصلاحات یقینی بنا رہی ہے جسکے لئے ٹیکس کا نظام ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔   وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں  وفدسے گفتگو کررہے تھے جس نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور معیشت کو بحال کرنے کے بارے میں اپنی تجاویز ان کو پیش کیں۔ وزیراعظم نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور ان میں سے قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت عظمی کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی کاروباری برادری سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا گیا تاکہ ان کے مسائل سن کو حل کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری موجودہ ملکی معاشی حالات کے باوجود ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے جو قابل ستائش ہے۔   انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان میں ٹیکس وصولی میں اضافہ نہیں ہوتا تب تک ملکی معیشت کی بہتری ممکن نہیں۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ملک بھر، بالخصوص سرحدی علاقوں میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران کریک ڈاؤن کئے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج موصول ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے جبکہ اسمگلنگ کی روک تھام کا ہمسایہ ممالک کے حکام نے بھی خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرکے ملکی معیشت کو مزید مستحکم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے اور بجلی چوروں کے خلاف مؤثر کاروائی کی جائے گی۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ملکی مسائل کے حل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے اور وزارت تجارت کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس سے باقائدگی سے تجاویز و مشاورت کو یقینی بنائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیلز کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے حوالے سے جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانوں میں تعینات کمرشل اتاشیوں کی کارکردگی کو بہتر کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے کے نظام میں بہتری لائی جائے اور کاروباری برادری کو مشاورتی عمل کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے شہریوں کو فراہم کی جانے والی تمام سہولیات اور لینڈ ریکارڈ کوڈیجیٹائز کرے۔ سیکرٹری کامرس، سیکرٹری صنعت، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ معیشت کو بحال کرنے کی کوششوں میں تاجر برادری حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے نگران وزیرِ اعظم کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کو تاجر برادری کے اہم مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں۔وزیراعظم نے تجاویز کا خیر مقدم کیا اور انکے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر انجینئر اظہرالاسلام ظفر، گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری، میاں اکرم فرید، محمد اعجاز عباسی، خالد جاوید، طارق صادق، سردار یاسر الیاس خان اور دیگر وفد میں شامل تھے۔