اسلام آباد(طارق محمود سمیر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی پانچ سالہ آئینی مدت آج جمعہ 8ستمبر کی رات 12بجے ختم ہو جائے گی،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چند دن قبل انتخابات کی تاریخ دے کر اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا ارادہ کیا تھا تاہم اہم شخصیات کی ملاقات کے بعد صدر نے اپنا ارادہ ترک کردیا اور نہ تو الیکشن کی تاریخ دی اور نہ ہی ابھی تک صدارت کے عہدے سے الگ ہونے کا کوئی فیصلہ کیا ہے،اٹھارہویں ترمیم کی منظوری کے وقت پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی کی تجویز پر نئے صدرکے انتخاب تک صدرکو عہدے پر برقرار رہنے کی اجازت دی گئی تھی حالانکہ اٹھارہویں ترمیم سے پہلے جب صدرکی مدت مکمل ہو جاتی تھی تو چیئرمین سینیٹ قائم مقام صدر کے طور پر فرائض سنبھال لیتے تھے ،1993میں جب سابق صدر غلام اسحاق خان میاں نوازشریف سے اختلاف کے باعث اپنی صدارت نہیں بچا سکے اور انہیں استعفیٰ دینا پڑا تو اس وقت سینیٹ کے چیئرمین وسیم سجاد قائم مقام صدر بن گئے تھے اور عام انتخابات کے بعد نئے صدر سردار فاروق لغاری مرحوم کے انتخاب تک وسیم سجاد اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے، اس وقت مسئلہ یہ درپیش ہے کہ صدر کا الیکٹورل کالج موجود نہیں ہے ،قومی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں،صرف سینیٹ موجود ہے اور آئین اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ عارف علوی پانچ سالہ مدت ختم ہونے کے باوجود نئے صدرکے انتخاب تک اپنے عہدے پر برقرار رہ سکتے ہیں ، بعض ٹی وی چینلز کے صحافی آئین سے لاعلم ہونے کے باعث غلط تاثر دے رہے ہیں کہ صدرکو توسیع دی جارہی ہے نہ تو آئین میں توسیع کا کوئی لفظ ہے ،آئین میں واضح لکھا ہے کہ نئے صدرکے انتخاب تک صدر اپنے عہدے پر فائز رہیں گے ،آئین میں یہ بھی لکھا ہے کہ اگر صدر استعفیٰ دے یا فوت ہو جائے تو ایسی صورت میں چیئرمین سینیٹ قائم مقام صدر بن سکتا ہے ،صدر عارف علوی پی ڈی ایم حکومت قائم ہونے کے بعدکئی تنازعات کا شکار رہے ، انہوں نے شہبازشریف کا بطور وزیراعظم حلف لینے سے انکار کیا، بیماری کو جواز بنایا تاہم اسٹیبلشمنٹ کی قریبی شخصیت انوار الحق کاکڑ کے نگران وزیراعظم بننے پر ان کا حلف لیا ،آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی منظوری کے معاملے میں صدرکا کردار بے نقاب ہوگیا ،صدر نے ایک ٹویٹ کے ذریعے یہ الزام عائدکیا کہ انہوں نے یہ دونوں بل واپس بھجوانے کی ہدایت کی تھی مگر عملے نے ان کی بات نہیں مانی اور انہوں نے اپنے سیکرٹری کو تبدیل کرایا، سیکرٹری نے وضاحت کی کہ صدر نے ان دونوں بلوں کے حوالے سے تحریری طور پر فائل پرکچھ نہیں لکھا اور نہ ہی فائل سیکرٹری ٹو پریذیڈنٹ کے دفتر میں واپس بھجوائی ، اس وضاحت کے بعد صدر نے خاموشی اختیارکر لی اور یہ دونوں قانون نافذ ہوگئے ۔ اس کے پہلے ملزمان میں سائفرکیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی زد میں آئے اور اس کے بعد سے عمران خان کا صدر علوی سے رابطہ منقطع ہوگیا۔علاوہ ازیں وکلاء کا اہم کنونشن منعقد ہوا جس میں وکلاء نے آئین پر عملدرآمدکرانے اور 9مئی کے واقعات کے بعد فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث سویلین سیاسی قیدیوںکو فوج کی تحویل سے سول عدالت کی تحویل میں دینے اور 90روزکے اندر ہر صورت منعقدکرانے کی قراردادیں منظورکی تھیں اور 14ستمبرکو ہڑتال کی کال بھی دی گئی ہے۔ وکلاء تنظیمیں جو ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے کوشاں رہتی ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ ان میں سے بعض تنظیمیں مخصوص ججزکی تنظیمیں بن جاتی ہیں جس کی وجہ سے انصاف کی راہ میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں،جہاں تک وکلاء کا یہ مطالبہ کہ 90روز میں الیکشن کرائے جائیں درست بات ہے تاہم وکلاء کو یہ بات بھی مدنظر رکھنی ہوگی کہ مردم شماری کی مشترکہ مفادات کونسل سے منظوری بھی ایک آئینی عمل ہے اور اس آئینی عمل کی تکمیل کیلئے الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا کام شروع کردیا ہے اور دو ہفتے کی مدت میں بھی کمی کا اعلان الیکشن کمیشن نے کیا ہے ،دونوں اطراف سے آئین پر عملدرآمدکی بات کی جارہی ہے ، الیکشن کمیشن بھی مردم شماری کی منظوری کے بعد آئین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا چاہتا ہے اور انتخابات جنوری کے آخری ہفتے یا فروری کے پہلے ہفتے میں یقینی نظر آرہے ہیں اور وکلاء تنظیموںکو چاہیے کہ انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنا کردارضرور ادا کریں مگر ایسے عناصرکی پشت پناہی نہ کریں جنہوں نے 9مئی کو فوجی اور قومی تنصیبات کے علاوہ نشان حیدر حاصل کرنے والے شہداء کی بھی توہین کی ،ہاں فوجی عدالتوں میں کیس چلانے کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت رہا ہے اور اس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے ،عدالتی فیصلے کی پابندی حکومت پاکستان اور تمام اداروں پر لازمی ہوتی ہے اور وکلاء کو عدالتی فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے ۔
صدرعلوی کی مدت آج پوری،عہدے پربرقراررہیں گے








