بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مافیا ز تمام حکومتوں کا حصہ رہے، جن پر کسی نے ہاتھ نہیں ڈالا، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے مافیا ز تمام حکومتوں کا حصہ رہے، جن پر کسی نے ہاتھ نہیں ڈالا، دو فیصد مراعات یافتہ کرپٹ اشرافیہ 98 فیصد عوام کے وسائل پر قابض ہے۔ بجلی کی قیمت میں 80 فیصد اضافہ کردیا گیا، اس کی مفت خوری، چوری کوئی نہیں روکتا،آئی پی پیز سے مہنگے معاہدے ختم کیے جائیں، گیس کی قیمتوں میں 50 فیصد اضافہ کا اعلان ہوگیا، عوام کہاں جائیں، بے روزگاری، غربت مہنگائی نے لوگوں کی زندگیاں جہنم بنادیں۔ نگران حکومت کے پاس مینڈیٹ نہیں کہ وہ عوامی نوعیت کے فیصلے کرے، یہ اختیار منتخب نمائندوں کا ہے، نگران آئینی مدت میں شفاف الیکشن کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن سے تعاون کریں۔ جماعت اسلامی الیکشن وقت پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے ایک دفعہ پھر رابطے کرے گی، استحکام کی ایک ہی صورت بروقت انتخابات ہیں۔ بجلی، گیس، پٹرول، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب کے تین روزہ دورہ کے دوسرے روز لیہ کروڑلعل عیسن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مہنگائی اور بجلی ٹیرف میں اضافہ کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کے تیسرے روز اتوار (کل) کو وہ مظفر گڑھ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ امیر جماعت نے لیہ کی تاجر برادری اور عوام کا دوستمبر کی ہڑتال کے لیے بھرپور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عوام کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو جماعت اسلامی پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرے گی، لوگوں کو ان کا حق دلوانے کے لیے پرامن احتجاجی تحریک بھرپور طریقے سے جاری رہے گی۔ نائب امیر لیاقت بلوچ نے بھی جلسہ سے خطاب کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد میں جماعت اسلامی تعاون کریں۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ ظفر اور امیر ضلع مبشر نعیم چودھری، قومی و صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈرز اور دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ جلسہ میں خواتین کی بڑی نے بھی شرکت کی۔سراج الحق نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو چند خاندانوں نے یرغمال بنایا ہوا ہے۔ 76برسوں سے یہی ظالم جاگیردار برسراقتدار ہیں، مارشل ادوار ہوں یا سول حکومتیں یہی چند وڈیرے جنوبی پنجاب کے وسائل پر قابض رہے، علاقے کا عام آدمی بنیادی ضروریات سے محروم ہے جب کہ ان حکمران خاندانوں کی دولت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب میں وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم جاری رہی جس کے نتیجہ کے طور پر کچھ علاقوں میں ترقی نظر آتی ہے جب کہ پورا جنوبی پنجاب محرومیوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزرائے اعظم اور وزرائے اعلیٰ کی طرف سے اپنے مخصوص علاقوں کی ڈویلپمنٹ کی کرپٹ پریکٹس بھی بند ہونی چاہیے، ملک کے وسائل عوام کی ملکیت ہیں اور ان کی منصفانہ تقسیم عدل و انصاف کا تقاضا ہے۔ استحصالی نظام کے ہوتے ہوئے محرومیاں بڑھتی ہیں جس کا نتیجہ انتہائی خطرناک ہوتا ہے، مشرقی پاکستان کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر جنوبی پنجاب کے کسان کی خوشحالی پر توجہ دے گی، علاقے کی محرومیاں دور کریں گے، نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔ امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی امن، انصاف اور وسائل کی منصفانہ تقسیم چاہتی ہے۔ ہماری معاشی پالیسیوں کی بنیاد یہ ہے کہ بڑے جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے ٹیکس وصول کیا جائے جب کہ غریب کاشتکار، مزدور اور عام آدمی کو نوازا جائے۔ اس وقت 17.7ارب ڈالر سالانہ مراعات یافتہ طبقہ پر صرف ہوتا ہے جب کہ غریب نان شبینہ کا محتاج ہے۔ پوری دنیا میں حکومتیں بجلی اور گیس عوام کی سہولت جب کہ ہمارے ہاں ریاست کے کاروبار کے طور پر استعمال کی جاتی ہیں۔ بجلی ٹیرف میں اضافہ ماضی کی حکومتوں کے غلط معاہدوں کا نتیجہ ہے، پن بجلی اور مقامی کوئلہ سے اس کی پیداوار پر توجہ نہیں دی گئی۔ گیس کو ایران سے سستے داموں درآمد کیا جا سکتا ہے، مگر حکومتوں نے وعدوں کے باوجود اس سمت ایک قدم نہیں اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ قانون و آئین کی حکمرانی صرف اعلانات سے قائم نہیں ہو گی۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے ادوار میں آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی انہی کی سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، حکمران جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں، قوم ان پر مزید اعتماد نہ کرے، صرف جماعت اسلامی ہی بہتری لانے کا واحد آپشن ہے۔