اسلام آباد(طارق محمود سمیر) 90روز میں الیکشن کرانے کے معاملے پر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان بیان بازی کا سلسلہ جاری ہی تھا کہ اس میں اب
سابق صدر آصف علی زرداری بھی کود پڑے ہیں اور انہوں نے اپنے بیٹے بلاول بھٹوکی سوچ کے برعکس بیان جاری کرکے سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث شروع کرادی ہے ، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان ساس بہوکی طرز پر سیاسی لڑائی اور بیان بازی کا سلسلہ کئی دنوں سے جاری ہے تاہم اس میں تیزی اس وقت آئی جب گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے چیئرمین وسابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یہ کہا کہ کٹھ پتلیاں بنانے والوںکو پیغام دے رہا ہوں کہ مزید تجربے بندکریں، الیکشن کمیشن 90دن میں انتخابات کرائے ۔انہوںنے یہ بھی شکوہ کیا کہ پیپلزپارٹی کی کردارکشی کی جا رہی ہے جس کے جواب میں ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نوازکی ہدایت پر طلال چودھری نے بھی خوب فقرے بازی کی اورکہا کہ بلاول بھٹوکو پتہ نہیںکہ وہ کس کو کٹھ پتلی کہہ رہے ہیں، پیپلزپارٹی 90دن کے بجائے کارکردگی کو الیکشن کا موضوع بنائے ، بلاول بھٹو زرداری کے بیان کے بعد آصف زرداری کا ایک بیان جاری کیا گیا جس میں آصف زرداری نے اپنے بیٹے کو یہ مشورہ دیاکہ جوش کے بجائے ہوش سے کام لیں اور ایسے بیانات نہ دیں جس سے پیپلزپارٹی کے لئے مسائل پیدا ہوجائیں ، آصف زرداری کے بیان میں دو اہم باتیںکی گئی ہیں ایک یہ کہ مردم شماری کی مشترکہ مفادات کونسل سے منظوری کے بعد نئی حلقہ بندیاںکرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے اور وہ نئی حلقہ بندیاں کرانے کا پابند ہے جبکہ سابق صدرنے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر ممبران پر مکمل اعتمادکا بھی اظہارکیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے ملکی معیشت کے بارے میں رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اس وقت بحران کا شکار ہے سیاست کی بجائے ہمیں معیشت کی فکرکرنی چاہیے ، جہاں تک بلاول بھٹوکے بیانات کا تعلق ہے انہیں سیاسی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے اور بلاول بھٹو زرداری کو یہ بیان دینے سے قبل اپنے سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور ان وفاقی وزراء کی باز پرس کرنی چاہیے جنہوں نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں جا کر متفقہ طور پر مردم شماری کی منظوری دی اور اب بلاول سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے حلقہ بندیوںکو نظراندازکرکے 90دن میں الیکشن کرانے کے مطالبات کر رہے ہیں اور ان کے والد آصف زرداری جنہیں مفاہمت کا بادشاہ کہا جاتا ہے نے اپنے بیٹے کو صحیح مشورہ دیا ہے کہ بعض لوگوںکی باتوں میں آکر جوشیلی باتیں نہ کریں اور صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں حالانکہ آصف زرداری کی بڑی خواہش یہی ہے کہ بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنوایا جائے لیکن اس کی راہ میں اس وقت سب سے بڑی رکاوٹ مسلم لیگ (ن) ہے اور ن لیگ کے قائد میاں نوازشریف کی آئندہ ماہ وطن واپسی کے بعد سیاسی منظر نامے میں اچانک تبدیلی آسکتی ہے ، فی الحال مہنگائی اور بجلی کے بلوں کی وجہ سے ن لیگ کو عوام تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں لیکن یہ بھی دیکھنے کی ضرورت ہے کہ ن لیگ اکیلی حکومت میں نہیں تھی ، 13پارٹیاں حکومت میں تھیں ، شہبازشریف کے بعض معاملات میں ہاتھ پائوں بندھے ہوئے تھے ، ایک طرف انہیں سیاسی بلیک میلنگ کا سامنا تھا اور دوسری طرف ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کو بھی تسلیم کرنا تھا جن کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے ، پیپلزپارٹی اور ن لیگ دونوں ہر معاملے میں اچھا اگر ہوا ہے تب بھی برابر کے شریک ہیں اگر برا ہوا ہے تب بھی دونوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔بلاول کیئر ٹیکر حکومت چیئر ٹیکر حکومت کا بھی طعنہ دے رہے ہیں اور دوسری طرف بہت چالاکی سے اعتزاز احسن کے ذریعے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا ووٹ بینک چرانے کی بھی کوشش کر رہے ہیں جبکہ سندھ میں پیپلزپارٹی کے رہنمائوںکی کرپشن اور بعض رہنمائوں کے نام امیگریشن کی واچ لسٹ میں شامل ہونے کی باتیں بھی سامنے آرہی ہیں ، بہر حال صورتحال ابھی واضح نہیں ہے کہ نیا سیاسی منظر نامہ کیا بنے گا لیکن جو بھی ہو وہ آئین اور قانون کے تحت ہونا چاہیے اور نگران حکومت کا مقصد الیکشن کرانا اور روزمرہ کے امور نمٹانا ہے اسے بلاضرورت طوالت نہیں دینی چاہیے اور اگرکوئی ایسا سوچ رہا ہے تو وہ غلط اندازے لگا رہا ہے اور ایسا کرنے کی صورت میں مسائل مزید بڑھ سکتے ہیں ۔
زرداری کابلاول کوجوش نہیں ہوش سے کام لینے کا مشورہ








