بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 رئیل اسٹیٹ شعبے پر ٹیکس کم کر کے 5سے6ارب ڈالر کی سرمایہ کاری  لائی جا سکتی ہے، احسن بختاوری

اسلام آباد ( ممتازنیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبہ پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے لیکن بھاری ٹیکسوں کی وجہ سے اس وقت مشکلات کا شکار ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس شعبے پر ٹیکسوں میں مناسب کمی کرے جس سے ایک مختصر مدت میں 5 سے 6 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان آ سکتی ہے اور معیشت بحال ہو سکتی ہے۔
وہ اسلام آباد کے ممتاز رئیل اسٹیٹ ڈویلپر سیال سرفراز کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے ایک استقبالیہ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے تھے ۔ اس موقع پر سرفراز سیال کے ہاؤسنگ پروجیکٹ کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی بھی منعقد ہوئی اوراحسن بختاوری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ تقریباً 70 دیگر صنعتوں کا کاروبار رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ ہے اور اس شعبے پر ٹیکسوں میں کمی سے ان تمام متعلقہ صنعتوں کی کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت مشکلات سے نکل کر پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو گی۔
انہوں نے کہاکہ  رئیل اسٹیٹ شعبہ ترسیلات زر اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کا بڑا ذریعہ ہے تاہم گذشتہ حکومت کے دور میں اس پر بھاری ٹیکسوں کے نفاذ سے ترسیلات زر میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور یہ فرق بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے رئیل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن شعبے کی کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے پر ٹیکسوں میں کٹوتی سے ملک میں اربوں ڈالر کی ترسیلات زر آ سکتی ہیں اور معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو سکتی ہے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس شعبے پر عائد ٹیکسوں میں مناسب کمی کرے، غیر منقولہ جائیداد پر ڈیمڈ انکم پر ٹیکس واپس لے اور اس شعبے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے تاکہ ملک کی معاشی ترقی کو تیز کیا جا سکے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرفراز سیال نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں لیکن بھاری ٹیکسز ان کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اس شعبے کو مزید مشکلات سے بچانے کیلئے ٹیکسوں پر نظر ثانی کرے اوراس شعبے کو پرکشش مراعات فراہم کرنے پر غور کرے جس سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا اور کمزور معیشت کو بحال کرنے میں اہم مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے پر توجہ دے کر ملکی معیشت کو کساد بازاری سے نکال کر پائیدار ترقی کی طرف لے جا سکتی ہے۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور سیکرٹری جنرل یو بی جی پاکستان ظفر بختاوری، طاہر عباسی، خالد چوہدری، راجہ امتیاز، ناصر چوہدری اور ملک محسن خالد سمیت تاجر برادری کی بڑی تعداد نے استقبالیہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر محفل قوالی کا بھی انعقاد کیا گیا۔