اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )صدر مملکت عارف علوی نے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور چینی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا، انہوں نے کراچی یونیورسٹی میں خود کش دھماکے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے چینی سفارتخانے کے چارج ڈی افیئر اور دیگر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اس ناگہانی واقعے پر شدید غم کی کیفیت میں ہے اور اپنے چینی بہن بھائیوں سے تعزیت کرتی ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا، اس گھناؤنے واقعے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔صدر مملکت نے کراچی یونیورسٹی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے پیچھے کچھ دشمن ممالک ہیں جو پاک چین دوستی اور سی پیک منصوبے کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں تاہم وہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، دونوں ممالک اپنی گہری دوستی کو مزید مضبوط کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔انہوں نے چارج ڈی افیئر سے پاکستانی قوم کا تعزیتی پیغام چینی عوام، کمیونسٹ پارٹی اور صدر ژی جن پنگ تک پہنچانے کا کہا۔ چینی سفارتخانے کے چارج ڈی افیئر نے صدر مملکت کے دورے اور چینی عوام اور حکومت سے اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا مستقبل مشترکہ ہے اور ہماری دوستی اور تعلقات تاریخی ہیں۔ چینی سفارتخانے کی چارج ڈی افیئر نے کراچی یونیورسٹی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو کڑی سزا دی جائے گی۔صدر عارف علوی نے سفارتخانے کی وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔
صدر کاچینی سفارتخانے کا دورہ، چینی عوام سے یکجہتی کااظہار








