کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کا مالی بحران سنگین ہوگیا اور دو دن میں فنڈز نہ ملے تو فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہو جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اندرون وبیرون ملک جانے والی 30 سے زائد پروازیں معطل ہونے اور رقم فوری طور پر نہ ملنے کی صورت میں 15 طیارےگراؤنڈ ہوجانے کا خدشہ ہے۔
پی آئی اے قرض، سود، لیز اور پرزوں کی ادائیگیوں پر مشکلات کا شکار ہے اور پی آئی اے کو فوری طور پر 20 ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کرنی ہیں جن میں فیول، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور لیز پرطیاروں کی ادائیگیاں شامل ہیں۔
وزرات ہوابازی کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی تنظیم نو پیچیدہ عمل ہے مکمل کرنے میں ایک سال درکارہے، تنظیم نو کے دوران پی آئی اے کا آپریشنل رہنا اشد ضروری ہے۔
دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کے مطابق حکومت کے تعاون سے بینکوں سے قرض حصول کےاقدامات کرلیے ہیں اور فنڈ جاری ہوتے ہی طیاروں کے پرزوں، انجن اورسود کی ادائیگیاں کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اپنی تاریخ کا بلند ترین ریونیو کمارہا ہے۔








