بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ریڈیو پاکستان کی نشریات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لئے ڈی آر ایم ٹیکنالوجی کی طرف لے جا رہے ہیں،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں براڈ کاسٹنگ کا منظر نامہ بدل رہا ہے، ریڈیو پاکستان نے ڈیجیٹل مائیگریشن کے طویل سفر میں کئی سنگ میل حاصل کئے ہیں، ریڈیو پاکستان نے مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود استقامت کے ساتھ ترقی کا سفر جاری رکھا، آج ریڈیو پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کا سفر جاری ہے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ریڈیو ریسورس کنٹرول اینڈ مینجمنٹ کے موضوع پر ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں منعقدہ عالمی کانفرنس سے بذریعہ زوم خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان نے اپنے تمام آرکائیو کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے، ہم ریڈیو پاکستان کی نشریات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لئے ڈی آر ایم ٹیکنالوجی کی طرف لے جا رہے ہیں،
ڈی آر ایم ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے ریڈیو پاکستان کی نشریات ملک بھر سمیت ہمسایہ ممالک تک دستیاب ہوں گی۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ڈی آر ایم ٹیکنالوجی کے باعث ریڈیو پاکستان کی آپریشنل لاگت میں 40 فیصد تک کمی ہوگی، اس ٹیکنالوجی سے ایک ٹرانسمیٹر متعدد پروگرام ترسیل کر سکے گا جبکہ اس سے بجلی کے استعمال میں بھی بچت ہوگی، بہترین معیار کے آڈیو سگنل کے علاوہ ڈی آر ایم ٹرانسمیٹرز ایمرجنسی وارننگ سسٹم سے بھی لیس ہیں جو قدرتی آفات کی صورت میں ہنگامی الرٹ بھی جاری کر سکیں گے، اسی طرح ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو آفت زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کو کامیابی کے ساتھ انجام دینے میں مدد ملے گی، پاکستان میں ڈی آر ایم ٹیکنالوجی کی تنصیب میں تعاون پر ڈی آر ایم کنسورشیم بالخصوص چیئرپرسن رکزیندرا اوبریجا کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ
ڈی آر ایم کنسورشیم کے مسلسل تعاون اور ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ اور انجینئرز کی مشترکہ کاوشوں سے امید ہے کہ مستقبل قریب میں ڈیجیٹل رول آوٹ کو ممکن بنایا جائے گا۔ اس تاریخی کارنامے کے ساتھ ریڈیو پاکستان کے 76 سالہ شاندار اور تاریخی سفر کے ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا، مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل اور ڈی آر ایم اسٹیئرنگ کمیٹی کو اس غیر متزلزل جذبے، محنت اور لگن پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان کی محنت اور لگن کی بدولت ایک خواب اب حقیقت میں بدل رہا ہے۔