بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پیپلز پارٹی والے کہتے ہیں بھٹو زندہ ہے، بھائی بھٹو مرچکاہے، حنیف عباسی

راولپنڈی(نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ الیکشن لڑیں گے، پیپلز پارٹی کی کارکردگی ہمیشہ صفر بٹا صفر ہی رہی،پیپلز پارٹی والے کہتے ہیں بھٹو زندہ ہے، بھائی بھٹو مرچُکا ہے،
راولپنڈی میں چودھری تنویر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ ہمیں کارکردگی کی بنیاد پر لوگوں کے پاس جانا ہے، ہم کارکردگی کی بات کریں گے، ملک میں ترقی کی بنیاد نواز شریف ہیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننے جا رہے ہیں، 21 اکتوبر کو نواز شریف کا تاریخی استقبال کیا جائے گا، راولپنڈی کی قیادت اور کارکن قافلوں کی صورت میں لاہور جائیں گے، اس دن راولپنڈی کو دلہن کی طرح سجائیں گے، نواز شریف کی آمد سے قبل تیاریوں سے متعلق قیادت متحرک ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ 2013 میں ملکی معاشی صورتحال موجودہ صورتحال جیسی ہی تھی، نواز شریف کے دور میں بجلی 11 روپے یونٹ تھا، ہم سے 16 ماہ کا حساب نہ مانگا جائے، نواز شریف کے دور کا موجودہ صورتحال سے تقابل کیا جائے۔
شیخ رشید پر تنقید کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ جو کہتا تھا جیل میرا سسرال، ہتھکڑی زیور ہے، وہ آج کل مل ہی نہیں رہا۔
رہنما مسلم لیگ ن چوہدری تنویر نے کہا کہ راولپنڈی نے ہمیشہ نواز شریف کے ساتھ محبت کا اظہار کیا ہے، ہم نے پارٹی قائد کو تجویز دی تھی اسلام آباد تشریف لائیں، قیادت نے فیصلہ کیا کہ نواز شریف لاہور لینڈ کریں گے۔
چودھری تنویر نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ہمیشہ ملک کی بات کی ہے، سوچنا ہوگا کون لوگ ہیں جو ہمیشہ ترقی کرتے ملک میں رکاوٹیں ڈالتے ہیں، نواز شریف کے دور میں پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا تھا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نعرہ اسلام کا اور اسٹیج گانا بجانے کا لگایا، کہاں گئے 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں، گزشتہ الیکشن میں حنیف عباسی کو دھاندلی کرکے ہرایا گیا۔