اسلام آباد(ممتازنیوز ) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ الیکشن کی تاریخ دینا نگران حکومت کا کام نہیں،الیکشن کمیشن آف پاکستان آئینی ادارہ ہے، حلف اٹھانے کے بعد مسلسل الیکشن کمیشن سے رابطہ ہے،الیکشن کمیشن آف پاکستان کی صلاحیت اور قیادت پر مکمل اعتماد ہے،الیکشن کمیشن انتخابات کی جس تاریخ اعلان کرے گا، اس پر انتخابات ہوں گے۔
اتوارکونجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئےنگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ پیپلز پارٹی ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے،ہم الیکشن کے مرحلے سے گذر رہے ہیں، عملاً الیکشن کا ماحول موجود ہے،الیکشن کے ماحول میں کسی بھی جماعت اور اس کی قیادت کو کسی اہم مسئلے پر اپنا موقف دینے کی آزادی ہے،ملک میں میڈیا بھی آزاد ہے، عدالتیں بھی آزاد ہیں،تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع حاصل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع کی فراہمی یقینی بنائیں گے،پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے،پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے برابر کے حقوق ہیں،پی ٹی آئی پر کسی قسم کی پابندی نہیں،نجکاری نگران حکومت نے شروع نہیں کی، پچھلی پارلیمان اور اس کی منتخب حکومت نے نجکاری کا فیصلہ کیا،ہم پچھلی پارلیمان اور پچھلی حکومت کے فیصلوں پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ اداروں میں اصلاحات ہونی چاہئیں،پبلک براڈ کاسٹرز لازمی سروسز میں شمار ہوتے ہیں، یہ لازمی قومی خدمت کے ادارے ہیں،نیشنل براڈ کاسٹرز کو دنیا بھر میں ریاست سپورٹ کرتی ہے،پبلک براڈ کاسٹرز کی نجکاری کے خلاف ہوں، یہ نظریاتی طور پر غلط کام ہے،پبلک براڈ کاسٹرز کے اندر ایسے لوگ نہیں ہونے چاہئیں جن کا تعلق آج کے جدید براڈ کاسٹنگ سسٹم سے نہیں ہے،یہ بنیادی نوعیت کے فیصلے ہیں، ایسے فیصلے کرنا نگران حکومت کے فرائض میں شامل نہیں،جو لوگ ہمیں انسانی حقوق کے لیکچر دیتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اپنا ریکارڈ چیک کریں۔
نگراں وفاقی وزیراطلاعات کاکہناتھاکہ ملک کے اندر غیر قانونی طور پر مقیم افراد 31 اکتوبر تک رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ دیں،31 اکتوبر کے بعد ایسے غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کو جبری ملک بدر کیا جائے گا،ہمارا مقصد اپنی ریاست اور اپنے شہریوں کا دفاع کرنا ہے،ہماری بنیادی ذمہ داری اپنے شہریوں اور اپنی قومی سرحدوں کا دفاع کرنا ہے،نواز شریف کی واپسی کا نگران حکومت سے کوئی تعلق نہیں،نواز شریف صاحب پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت کے رہنما ہیں،وہ غیر قانونی طور پر اس ملک سے بھاگ کر نہیں گئے تھے،پی ٹی آئی کا اپنا معاملہ ہے کہ وہ الیکشن مہم کس طرح چلاتی ہے،سیاسی جماعتیں مشکل حالات میں بھی اپنی الیکشن مہم چلاتی ہیں،اس حوالے سے پی ٹی آئی پر کوئی پابندی نہیں۔









