نگراں وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ تیل اسمگل کرنے والوں کو 10 دن کی مہلت دی جائے گی، 10 دن بعد ان کی کشتیوں کو تباہ کرنا شروع کردیا جائے گا۔
کوئٹہ میں ایپکس کمیٹی کےاجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے نگراں وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ تیل اسمگل کرنے والوں کو 10 دن کی مہلت دی جائے گی، 10 دن بعد اسمگلرز کی کشتیوں کو تباہ کرنا شروع کردیا جائے گا۔
نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے بارڈرز پر سیکیورٹی سخت کی جائے گی، کوسٹل ہائی وے سے کراچی کو سپلائی بند کی جائے گی۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ 84 مدارس میں 8 ہزار 500 طلباء ہیں جن کا انتظام افغان شہری کرتے ہیں، ان مدارس کا کنٹرول پاکستان شہریوں کے حوالے کیا جائے گا، نان اسٹیٹ ایکٹرز کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
نگراں وزیر نے کہا کہ تمام واقعات میں بھارت ملوث ہے، بیرونی عناصر کی مدد کے بغیر نان اسٹیٹ ایکٹرز کچھ نہیں کرسکتے، وزیراعظم نے کہا ہے نان اسٹیٹ ایکٹرز کا قیامت تک مقابلہ کرتے رہیں گے، انتشار کا سامنا ہو تو تمام پراسیجرز معطل ہوجاتے ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر بلوچستان حکومت اقدامات کرے گی۔









