دھرم شالہ: آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میں دوسرا بڑا اپ سیٹ ہوگیا، میگا ایونٹ کے 15ویں میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 38 رنز سے شکست دے دی۔
یہ میچ دھرم شالہ کے ہماچل پردیش کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں صبح سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔
بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، میچ کا ٹاس جنوبی افریقا نے جیت کر پہلے بولنگ کا انتخاب کیا اور نیدرلینڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
البتہ بارش اور موسم کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کو 43، 43 اوورز تک محدود کردیا گیا۔
نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 43 اوورز میں 8 وکٹوں پر 245 رنز اسکور کیے۔
جنوبی افریقا کے خلاف نیدر لینڈز کی پہلی وکٹ 22 رنز پر گری، اوپنر وکرم جیت سنگھ 16 بالز کھیلنے کے بعد 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ نیدرلینڈز کو دوسرا نقصان 24 رنز پر اٹھانا پڑا جب دوسرے اوپنر میکس او ڈاؤڈ 25 بالز پر 18 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
نیدر لینڈز کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر باس ڈی لیڈے تھے جنہوں نے 7 گیندوں پر 2 رنز بنائے اس کے علاوہ کولن ایکرمین 25 گیندوں پر 18 رنز، سائبرینڈ اینجلبرچٹ 37 بالز پر 19 رنز، تیجا ندامانورو 25 بالز پر 20 رنز، لوگن وین بیک 27 گیندوں پر 10 رنز اور ریلوف وین مروے 19 گیندوں پر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ آرین دت 23 رنز پر ناٹ آوٹ رہے رہے۔
نیدر لینڈز کی جانب سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے 69 گیندوں پر 78 رنز کی شاندار اور ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 10 چوکے اورایک چھکا شامل تھا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے لونگی نگیٹی ، مارکو جانسن اور کگیسو رباڈا نے 2 ،2 جبکہ جیرالڈ کوٹزی اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دھرم شالہ کے تاریخی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ٹمبا باؤما نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ورلڈ کپ کا دوسرا بڑا اپ سیٹ، نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 38 رنز سے ہرادیا







