بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر سونی پت میں شادی(Merriage) کی تقریب اس وقت افسوسناک صورتحال اختیار کرگئی جب دولہا گاڑی کی فرمائش پوری نہ ہونے پر شادی کی رسومات پوری کیے بغیر ہی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ واپس چلا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ 20 نومبر کو سونی پت کے علاقے مام چند واٹیکا میں پیش آیا جہاں دلہن کے والد سبھاش کمار نے الزام عائد کیا کہ دلی پولیس میں تعینات دولہا کلدیپ نے شادی کے لیے ہونڈائی اورا کے بجائے تقریباً 13 لاکھ بھارتی روپے مالیت کی ماروتی بریزا گاڑی کا مطالبہ کیا تھا۔
دلہن کے والد کے مطابق انہوں نے پہلے ہی دولہا کے لیے تقریباً ساڑھے 9 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی بک کروا رکھی تھی، تاہم شادی سے ایک روز قبل انہیں معلوم ہوا کہ دولہا اس گاڑی سے مطمئن نہیں اور بریزا کا مطالبہ کر رہا ہے، اہلخانہ نے پہلی بکنگ منسوخ کرکے نئی گاڑی کا انتظام کرنے کی کوشش بھی کی لیکن وقت کی کمی کے باعث گاڑی فراہم نہ کرسکے۔
سبھاش کمار نے الزام لگایا کہ گاڑی کے علاوہ دولہا اور اس کے اہلخانہ کی جانب سے زیورات کا مطالبہ بھی کیا گیا، جس میں دولہا کے لیے دو تولے کی سونے کی چین، والدہ کے لیے چار تولے کی سونے کی بالیاں اور چاندی کی پازیب شامل تھیں، لڑکے کے گھر والے دولہا کے بڑے بھائی اور بھابھی کے لیے بھی زیورات مانگ رہے تھے۔
دلہن کے والد کا کہنا تھا کہ شادی کی تیاریوں پر انہوں نے تقریباً 25 سے 30 لاکھ بھارتی روپے خرچ کیے تھے جبکہ فرنیچر پر ہی ایک لاکھ 32 ہزار روپے لگائے گئے تھے، شادی کی تقریب میں تقریباً 1200 مہمانوں کے کھانے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔
شکایت کے مطابق شادی کے روز دولہا بارات کے ساتھ آنے کے بجائے اپنی والدہ کے ہمراہ عام لباس میں تقریب کے مقام پر پہنچا اور بریزا گاڑی کے بارے میں دریافت کیا، گاڑی موجود نہ ہونے پر دونوں خاندانوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی۔
دلہن کے والد نے الزام لگایا کہ دولہا نے ان کے اہلخانہ سے بدتمیزی کی اور دلہن کے بھائی ساحل سے بھی جھگڑا کیا، رشتہ داروں نے دولہا اور اس کی والدہ سے شادی کی رسومات مکمل کرنے کی منت سماجت کی تاہم دونوں انکار کرکے واپس چلے گئے۔
دوسری جانب دلہن شادی کے لباس میں منڈپ پر دولہے کی منتظر بیٹھی رہی لیکن دولہا واپس نہ آیا۔
واقعے کے بعد دونوں خاندانوں نے پولیس کو ڈائل 112 کے ذریعے اطلاع دی جبکہ دلہن کے والد نے پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت جمع کروا کر دولہا اور اس کے اہلخانہ کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔








