قطب پور: بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج(Pak Army) کے جوان عبداللہ عاربی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے قطب پور میں سپرد خاک کردیا گیا۔
شہید عبداللہ عاربی کا جسد خاکی آبائی گاؤں پہنچنے پر فضا سوگوار ہوگئی، اس موقع پر اہل علاقہ نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے شہید کا استقبال کیا۔
ان کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر بہاولپور، پولیس افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ شاہ چراغ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر کور کمانڈر بہاولپور نے شہید کے والد عابد عاربی کو ان کے بیٹے کی وردی اور کیپ پیش کی۔
مزیدپڑھیں:بس میں بزرگ شخص کیساتھ ویڈیو وائرل، بھارتی اداکارہ وضاحت دینے پر مجبور
شہید کے والد عابد عاربی نے اپنے بیٹے کی قربانی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے چھوٹے بیٹے کو بھی پاک فوج میں بھرتی کروائیں گے۔
شہید عبداللہ عاربی نے بلوچستان کے علاقے نوشکی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کی۔ ان کی شہادت پر اہل علاقہ نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔








