ریاض (نیوزڈیسک)نگران وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں غزہ کی صورتحال کے حوالے سے ہونے والے اسلامی ممالک کے غیرمعمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ غزہ میں فوری طور پر انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، پاکستان 1967 کی سرحدوں کے مطابق ریاست فلسطین کے قیام کا حامی ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ اسرائیل ایک جارح اور قابض ملک ہے، اسرائیل کے جنگی جرائم کو عالمی عدالت انصاف کے سامنے لے جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل کے لیے ضروری ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات کا راستہ تلاش کیا جائے، اس وقت اسرائیل نے غزہ کو جہنم بنا دیا ہے۔ عالمی قانون بے گناہ شہریوں کے قتل عام کو روکتا ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہاکہ غزہ کی صورتحال کا مستقل حل خود مختار ریاست کا قیام ہی ہے، اسرائیل نے اپنے حملوں کے دوران اسپتال اور اسکولوں سمیت اقوام متحدہ کے دفاتر کو بھی نہیں بخشا۔
اجلاس میں غزہ پر اسرائیل کی جانب سے بمباری پر غور کیا جا رہا ہے کہ اس پر کیا لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے او آئی سی اور عرب لیگ کے مشترکہ اجلاس میں فوری طور پر مطالبہ کیا گیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی جائے۔
اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کر رہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کی اور پاکستانی عوام کی جانب سے غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
پاکستان 1967 کی سرحدوں کے مطابق ریاست فلسطین کے قیام کا حامی ہے، نگران وزیراعظم








