میانمار(Myanmar) میں فوجی فضائی حملوں کے نتیجے میں شادی کی ایک تقریب اور اسکول کو نشانہ بنائے جانے سے کم از کم 41 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق جنوبی ریاست شان میں شادی کی تقریب پر حملے میں 21 افراد جان سے گئے جبکہ 35 زخمی ہوئے، اس کے علاوہ وسطی علاقے مگ وے میں ایک اسکول پر فضائی کارروائی کے نتیجے میں طلبہ اور اساتذہ سمیت 20 افراد ہلاک ہوئے۔
امدادی کارکنوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جنوبی ریاست شان کے گاؤں مو بائی میں ہفتے کی سہ پہر شادی کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران فوجی حملہ ہوا۔
واقعے کے بعد زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے امدادی سرگرمیاں شروع کی گئیں، تاہم متاثرین کی شناخت اور حملے سے متعلق مزید تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔
مزیدپڑھیں:صدر، وزیراعظم کا فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
اس سے قبل میانمار کے وسطی علاقے مگ وے کے گاؤں اِن یون میں ایک اسکول کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے جن میں طلبہ اور اساتذہ بھی شامل ہیں۔ اسکول پر حملے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میانمار کی مغربی ریاست میں بھی فوج نے ایک ایسے قصبے میں فضائی کارروائیاں کیں جو فوج کے زیرِ کنٹرول ہے۔ تاہم ان کارروائیوں میں ہونے والے ممکنہ جانی نقصان یا دیگر تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
رپورٹس کے مطابق میانمار کی فوجی حکومت نے شادی کی تقریب اور اسکول پر حملوں سمیت حالیہ فضائی کارروائیوں کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ تبصرہ نہیں کیا۔








