لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف سے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی وفد نے ہفتہ کے روز ملاقات کی- سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، قمرالزمان کائرہ، رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی اور حسن مرتضیٰ وفد میں شامل تھے- ملاقات میں سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا- اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، سید یوسف علی گیلانی اور دیگر شرکاء نے وزیراعلیٰ محمد حمزہ شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا اور مل جل کر چلنے پر اتفاق رائے کا اعادہ کیا-وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے بھرپور تعاون کرنے پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اتحادی ہمارے دوست اور بھائیوں کی مانند ہیں،رواداری اور احساس حقیقی سیاسی روایات ہیں،عہدے عارضی ہوتے ہیں۔انسانیت سے محبت ترجیح ہونی چاہیے، آئینی اور جمہوری اقدار کو مفاہمت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا- انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہو چکا ہے جہاں سے چار سال پہلے منقطع ہوا تھا، وقت کم ہے، دن رات کام کرنا ہوگا،دوستوں کے مشوروں کا خیر مقدم کریں گے کیونکہ ہم سب ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے یکجا ہو کر کام کر رہے ہیں- سردار اویس لغاری، خواجہ سلمان رفیق۔ خواجہ عمران نذیر ۔عطا اللہ تارڑ ۔عمران گورایہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پی پی پی کے پارلیمانی وفد کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات








