اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا ملک میں نئے انتخابات کا اعلان ہونے والا ہے؟ تمام بڑی سیاسی جماعتیں میدان میں نکل پڑیں، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے بعد پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور جے یو آئی (ایف) نے بھی ملک گیر عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کی طرف سے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں جلسوں کا شیڈول جاری کیا جاچکاہے جس کے بعددیگر تین بڑی جماعتوں ایم کیو ایم ، پیپلزپارٹی اور جے یوآئی نے بھی عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،پیپلزپارٹی کا 15مئی کو کراچی کا جلسہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ادھر ترجمان جے یو آئی کے مطابق جے یو آئی کے زیر اہتمام کراچی اورپشاور میں بڑے اجتماعات ہوں گے ،جن سے مولانا فضل الرحمان اورمرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 19مئی کوکراچی میں مزار قائد پر تاریخی جلسہ ہوگا۔بعض حلقے بڑی سیاسی جماعتوں کی طرف سے جلسے جلوسوں کا اچانک آغازکو انتخابات کے جلدانعقاد کا مظہرقرار دے رہے ہیں ،سیاسی جماعتیں عوامی رابطہ مہم کے دوران اپنے وو ٹ کو منظم کرنے اور لوگوں کو اپنے منشور سے آگاہ کرنے کی کوشش کریں گی ۔دریں اثناملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی طرف سے جلسے جلوسوں کے انعقاد سے آنے والے دنوں میں سیاسی درجہ حرارت بھی بڑھنے کا امکان ہے۔
کیا الیکشن کا اعلان ہونے والا ہے؟ بڑی سیاسی جماعتیں میدان میں نکل پڑیں








