واشنگٹن(ممتازنیوز)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاکستان اپنے بہترین افراد امریکہ بھیجتا ہے۔ ہمارے ڈاکٹروں نے امریکہ میں تصور سے بالاتر کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب پاکستان اور امریکہ کے مابین سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان یعنی اپنے مادر وطن پر یقین رکھیں ۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے یہ بات ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ (اپنا) کے ڈیلاویئر ویلی چیپٹر کے دسویں سالانہ عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اپنا پن مشرقی پنسلوینیا، اپر ڈیلا وئیر اور جنوبی نیو جرسی پر مشتمل اپنا کا جزو ہے
سفیر پاکستان نے کہا کہ آپ کامیاب لوگ ہیں کیونکہ آپ کو اپنے آپ پر بھروسہ تھا۔ اگر آپ کامیابی حاصل کرسکتے ہیں تو پاکستان بھی ضرور کامیاب ہوگا اور مجھے اس پر پورا یقین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مشکلات کا سامنا ہے لیکن یہ وقت ہماری طویل تاریخ میں ایک لمحہ ثابت ہوگا۔ ہم ایک ارتقا کے عمل سے گزر رہے ہیں اور اس میں کامیاب ہوں گے۔
مسعود خان نے کہا کہ پاکستان جہاں کچھ شعبوں میں پیچھے رہ گیا ہے وہیں زندگی کے متعدد شعبوں میں اس ملک نے بے پناہ ترقی بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا انسانی سرمایہ بڑھ رہا ہے۔
امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ یہ وقت پاکستانی کمیونٹی میں بٹوارے کا نہیں بلکہ یہ متحد ہو کر امریکہ کے مرکزی دھارے کا حصہ بننے کا لمحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کو محض ایک کنارے پر نہیں رہنا بلکہ آپ نے اپنے آپ کو مرکزی دھارے میں شامل کرنا ہے کیونکہ اس کے لئے آپ کے پاس مطلوبہ صلاحیت موجود ہے۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے امریکی سیاسی افق اور زندگی کے دیگر اہم شعبوں میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور اثر و رسوخ کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے پنسلوینیا کی ریاستی اسمبلی کے ممبر طارق خان کی خدمات کو بھی سراہا۔ طارق خان نے حال ہی میں عید الفطر کی سرکاری چھٹی کے حوالے سے ایک قرارداد کامیابی سے اسمبلی میں متعارف کرائی ہے۔
سفیر پاکستان نے ملک کے مشکل اوقات میں ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کے تعاون کوبھی بے حد سراہا۔
اپنے کلمات کے اختتام پر، سفیر نے گذشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے دوران تعاون کرنے پر ڈاکٹر ہارون درانی اور اپنا کی دیگر قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر عمران عامر، ڈاکٹر فرحان طاہر، ڈاکٹر جنید چوہدری اور ڈاکٹر شہلا صدیقی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
پاکستانی امریکی ڈاکٹر پاکستان اور امریکہ کا قیمتی اثاثہ ہیں: مسعود خان








