بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

190 ملین پاؤنڈ کیس: سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں رقم چار سال رہی، قومی خزانے کو نقصان کہاں ہوا؟ سلمان صفدر

اسلام آباد ( ملک نجیب ) اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف(PTI) اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران وکیل سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ برطانیہ سے آنے والی رقم سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں چار سال تک موجود رہی، جسے سرمایہ کاری کے ذریعے دگنا کیا گیا، اس صورت میں قومی خزانے کو نقصان کہاں ہوا؟ ان کا کہنا تھا کہ اس مقدمے کے باعث قومی خزانے کو نقصان ہوا کیونکہ اس پر مہنگی ترین پراسیکیوشن کی گئی ۔

عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے سلمان صفدر کو دلائل جاری رکھنے کی ہداہت کی ہے ۔ گزشتہ روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اپیلوں پر سماعت کی۔

سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر، لطیف کھوسہ اور دیگر، نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید اشرف اور رافع مقصود، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر علی ظفر، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نورین خان اور ڈاکٹر عظمیٰ سمیت دیگر سیاسی رہنما بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

سماعت کے آغاز پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سماعت پر جاری کیے گئے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔ بشریٰ بی بی کو صحت سے متعلق تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ اپریل 2026 سے 21 نومبر تک کا ان کا مکمل میڈیکل ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کو الگ کمرہ اور منسلک باتھ روم بھی فراہم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کے لیے متفرق درخواست پر دلائل دینے کی اجازت طلب کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر بھی لائیو اسٹریمنگ کی استدعا مسترد کی جا چکی ہے اور یہ معاملہ متعلقہ ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے سامنے زیر التوا ہے، جب تک اس حوالے سے قواعد و ضوابط نہیں بن جاتے لائیو اسٹریمنگ ممکن نہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ انہوں نے سلمان صفدر سے یقین دہانی لی تھی کہ وہ اپیلوں پر دلائل کا آغاز کریں گے اور مزید متفرق درخواستیں نہیں دیں گے۔ سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ عدالتی وقار میں اضافے کے لیے درخواست لے کر آئے ہیں، جدید ٹیکنالوجی کے دور میں ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دیے جا رہے ہیں

جبکہ یہ مفاد عامہ کا مقدمہ ہے اور عوام اس کی کارروائی براہ راست دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کے حق میں نہیں کہ سرکاری ٹی وی یا نجی چینلز کے ذریعے کارروائی دکھائی جائے بلکہ عدالت کی لائیو اسٹریمنگ ہونی چاہیے تاکہ عوام خود کارروائی دیکھ سکیں۔ سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی عمر 74 سال ہے اور گزشتہ چار سال سے انہیں اور بشریٰ بی بی کو مختلف مقدمات کا سامنا ہے۔

190 ملین پاؤنڈ کیس کا جیل ٹرائل انتہائی متنازع رہا اور سزا بھی جیل ٹرائل کے بعد سنائی گئی۔ ان کے بقول بانی پی ٹی آئی کے خلاف اب تک آنے والے فیصلوں میں یہ سب سے متنازع فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے بانی پی ٹی آئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی حدود سے گرفتار کیا، اگر نیب ایسا نہ کرتی تو 9 مئی کا واقعہ بھی پیش نہ آتا۔ انہوں نے 9 مئی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب کو اس انداز میں گرفتاری نہیں کرنی چاہیے تھی۔ چیف جسٹس نے سلمان صفدر کے اس مؤقف پر ریمارکس دیے کہ سابق وزیراعظم کی عمر 74 سال ہے، اس بات کو وہ سنہری حروف میں لکھ کر رکھنا چاہیں گے۔

لائیو اسٹریمنگ کے معاملے پر چیف جسٹس نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے اپنے قواعد و ضوابط ہیں اور وہ کسی کے ماتحت نہیں۔ سلمان صفدر نے ماضی میں بعض مقدمات کی لائیو اسٹریمنگ کی مثالیں بھی دیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ متعلقہ جج نے اپنے طور پر فیصلہ کیا تھا، انہوں نے اس کی منظوری نہیں دی تھی۔ نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے سلمان صفدر کے بعض دلائل کو سیاسی بیانات قرار دیا، جس پر چیف جسٹس نے وکیل صفدر کو ہدایت کی کہ وہ اپنی درخواست کی حد تک دلائل دیں

مزیدپڑھیں:حوثیوں کا ریاض کے مالیاتی مرکز اور سعودی آئل ریفائنری پر حملوں کا دعویٰ

اور عدالت کی معاونت کریں کہ قواعد موجود نہ ہونے کی صورت میں لائیو اسٹریمنگ کیسے ممکن ہے۔ سلمان صفدر نے استدعا کی کہ اپیلوں پر حتمی دلائل کا مرحلہ آنے تک لائیو اسٹریمنگ کے قواعد بنا دیے جائیں تاکہ حتمی دلائل براہ راست نشر کیے جا سکیں۔ چیف جسٹس نے اس حوالے سے کہا کہ دیکھتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے لائیو اسٹریمنگ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی کی سزا کے خلاف اپیل پر حتمی دلائل کا آغاز کر دیا۔

دلائل کے دوران سلمان صفدر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو اس مقدمے میں 13 نومبر 2023 کو گرفتار کیا گیا اور فیصلے تک وہ گرفتار رہے۔ انہیں 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی جبکہ بشریٰ بی بی کو معاونت کے الزام میں 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو ٹرائل کے دوران نیب نے کبھی گرفتار نہیں کیا۔ عدالت کی ہدایت پر سلمان صفدر نے مقدمے کی فرد جرم بھی پڑھ کر سنائی۔

انہوں نے بتایا کہ مرزا شہزاد اکبر، ملک ریاض، فرحت شہزادی اور زلفی بخاری سمیت چھ ملزمان غیر حاضر رہے جبکہ عدالت نے صرف دو ملزمان کی حد تک مقدمے کی کارروائی آگے بڑھائی۔ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے سلمان صفدر نے بتایا کہ برطانیہ میں مجسٹریٹ نے ملک ریاض اور ان کے خاندان کے اکاؤنٹس منجمد کیے تھے۔

14 دسمبر کو برطانوی جج کی جانب سے 20 ملین پاؤنڈ کے پہلے اکاؤنٹ فریزنگ آرڈر کے بعد ہائیڈ پارک کی ایک پراپرٹی اور مزید 120 ملین پاؤنڈ کے اثاثوں سے متعلق فریزنگ آرڈر جاری ہوا، یوں مجموعی رقم 190 ملین پاؤنڈ بنتی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ اپریل 2019 میں بحریہ ٹاؤن نے ذوالفقار عباس بخاری کے ذریعے القادر ٹرسٹ کو 458 کنال زمین عطیہ کی، جو بعد ازاں 22 جنوری 2022 کو ٹرسٹ کے نام منتقل ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ سے پاکستان میں 190 ملین پاؤنڈ نہیں بلکہ 171 ملین پاؤنڈ آئے، اس لیے اس مقدمے کو 190 ملین پاؤنڈ کا کیس قرار دینا درست نہیں۔

سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب کا الزام ہے کہ مرزا شہزاد اکبر نے وزیراعظم کو نوٹ بھجوایا جس کی کابینہ نے منظوری دی اور نیشنل کرائم ایجنسی کے ساتھ خفیہ ڈیڈ پر دستخط کیے گئے۔ نیب کے مطابق رقم اسٹیٹ بینک کے بجائے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی، جبکہ یہ وہی اکاؤنٹ تھا جو ملک ریاض پر عائد 460 ارب روپے کے جرمانے کی ادائیگی کے لیے کھولا گیا تھا۔

وکیل صفدر نے کہا کہ ان کے مؤکل اور بشریٰ بی بی کے خفیہ ڈیڈ پر کوئی دستخط موجود نہیں۔ نیب کا مقدمہ ہے کہ مرزا شہزاد اکبر نے نیشنل کرائم ایجنسی کے حکام سے خفیہ ڈیڈ پر دستخط کیے اور ان سے مسلسل رابطے میں رہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ نیب، ایف بی آر، ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک جیسے ادارے ایسٹ ریکوری یونٹ کا حصہ تھے تو انہیں اس معاملے کا علم کیوں نہ ہو سکا؟ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا نیب یا دیگر اداروں کا کوئی افسر ذاتی حیثیت میں اس معاملے کا حصہ تھا؟

انہوں نے ریمارکس دیے کہ ایسٹ ریکوری یونٹ ایک خودمختار باڈی تھی اور چیئرمین نیب کے ماتحت نہیں تھا۔ اس پر سلمان صفدر نے کہا کہ اگر اتنے بڑے اداروں اور وسیع کابینہ کو معاملے کا علم نہیں ہو سکا تو بانی پی ٹی آئی کو کیسے معلوم ہو سکتا تھا، اور پھر خفیہ ڈیڈ میں ان کی معاونت کہاں سے آ گئی؟ سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ملک ریاض کی جانب سے القادر ٹرسٹ کو 28 کروڑ 50 لاکھ روپے بھجوائے گئے جو یونیورسٹی کی عمارت کی تعمیر کے لیے استعمال ہوئے۔

ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی یا بشریٰ بی بی کے ذاتی بینک اکاؤنٹس میں یہ رقم منتقل نہیں ہوئی جبکہ ملک ریاض نے یونیورسٹی کے لیے فرنیچر سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کیں۔ وہاں 150 سے زائد طلبہ اسکالرشپس پر تعلیم حاصل کر رہے تھے، تاہم یونیورسٹی کو ضبط کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کی زمین سوہاوہ، جہلم کے ایک دور دراز علاقے میں واقع ہے جہاں دور دراز علاقوں کے طلبہ تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ اگر کسی نے رشوت کے طور پر زمین حاصل کرنی ہو تو وہ کسی اہم اور مہنگی جگہ پر حاصل کرتا ہے، نہ کہ دور دراز علاقے میں ۔

وکیل صفدر نے مزید کہا کہ برطانیہ سے آنے والی رقم سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں چار سال تک موجود رہی اور سپریم کورٹ نے اس رقم کی سرمایہ کاری کی جس سے منافع حاصل ہوا اور رقم میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں موجود رہی اور اس میں اضافہ ہوا تو نقصان کہاں ہوا؟ ان کا کہنا تھا کہ یہ نقصان کا نہیں بلکہ فائدے کا معاملہ ہے اور قومی خزانے کو اس مقدمے کی مہنگی ترین پراسیکیوشن کے ذریعے نقصان پہنچایا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ اس مقدمے میں ہوتے تو کہتے کہ جس معاملے میں سپریم کورٹ خود شامل ہے، اسے مقدمہ ہی نہیں بنایا جانا چاہیے تھا۔ ان کے بقول سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو اس کیس میں یا تو گواہ بنایا جا سکتا تھا یا پھر وہ اس حوالے سے مزید بات نہیں کرنا چاہتے۔ سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ ایک منفرد مقدمہ ہے جس میں پاکستان سے رقم باہر لے جانے کے بجائے بیرون ملک سے رقم پاکستان لائی گئی۔ ان کے بقول اس کا کریڈٹ بانی پی ٹی آئی کو جاتا ہے کہ رقم پاکستان واپس آئی، لیکن آج وہ جیل میں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا الزام ہے کہ یہ رقم جرم سے حاصل کی گئی تھی، تاہم پراسیکیوشن کو یہ بتانا ہوگا کہ رقم غیر قانونی کیسے تھی۔ برطانیہ میں نیشنل کرائم ایجنسی کی کارروائی سول نوعیت کی تھی، اسے کرمنل کارروائی قرار نہیں دیا گیا اور وہاں پلی بارگین کی شقیں بھی موجود نہیں۔ ان کے مطابق اگر رقم صاف تھی اور کسی دوسرے شخص کی ملکیت تھی تو وہ اسے جہاں چاہتا منتقل کر سکتا تھا۔ وکیل صفدر نے مزید کہا کہ رقم کی منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کا حکم موجود تھا کہ رقم یہاں جمع کرائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے علاوہ ایسا کون سا حکم تھا جس کے تحت رقم کسی دوسرے اکاؤنٹ میں منتقل ہونی چاہیے تھی؟ اگر رقم غلط ہوتی تو وہ چار سال تک سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں موجود نہ رہتی۔ سلمان صفدر نے کہا کہ مقدمے کی کہانی میں ابھی بہت سے مسنگ لنکس موجود ہیں جنہیں وہ آئندہ سماعت پر عدالت کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فرد جرم میں القادر ٹرسٹ کو اس انداز میں پیش کیا گیا جیسے کوئی فرضی ٹرسٹ ہو، جبکہ بانی پی ٹی آئی پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی رقم پاکستان لانے میں معاونت کی۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر 171 ملین پاؤنڈ غیر قانونی رقم تھی تو نیب اس کے غیر قانونی ہونے کی بنیاد بتائے، تاہم اگر یہ کسی شخص کی جائز رقم تھی تو وہ اسے کہیں بھی منتقل کر سکتا تھا۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے لائیو اسٹریمنگ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جبکہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

اس موقع پر لطیف کھوسہ نے استدعا کی کہ آئندہ ہفتے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کروائی جائے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت اس حوالے سے حکم جاری کر دے گی۔