لاہور(وقائع نگار) مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل صدر ملک ابرار احمد نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہبازشریف سے اہم ملاقات کی جس میں 8 فروری کے انتخابات ،راولپنڈی ڈویژن میں پارٹی امیدواروں اور ٹکٹوں کے امور کے علاوہ انتخابی مہم کے معاملات پربات چیت کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں میاں شہبازشریف نے راولپنڈی ڈویژن میں پارٹی کی تنظیم سازی اور کارکنوں کو متحرک کرنے میں فعال کردارادا کرنے پر ملک ابرار کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ جس طرح اٹک، جہلم ،چکوال ،گوجر خان اور ضلع راولپنڈی کو متحد کیا اور منظم رکھا ،کافی اختلافات کے باوجود توازن قائم کرنے کی کوشش کی جس میں پارٹی قیادت آپ کی کارکردگی سے خوش ہے ۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں راولپنڈی کی مختلف نشستوں پر امیدواروں کے اختلافات ختم کرانے کےلئے قائم کی گئی کمیٹی کی کوششوں کو بھی سراہا گیا اور یہ توقع کی گئی کہ ٹکٹوں کے معاملے میں پارٹی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی تمام امیدوار اس کی پابندی کریں گے ۔ ملک ابرار نے راولپنڈی میں میگا پراجیکٹ شروع کرنے بالخصوص ایکسپریس ہائی وے ،آئی جی پی روڈ کی تکمیل ،میٹرو طرز کی نئی بسیں شروع کرنے اور رنگ روڈ کی تعمیر کو یقینی بنانے میں شہبازشریف کی قائدانہ صلاحیتوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔
ملک ابرار کی شہبازشریف سے اہم ملاقات ،پارٹی امیدواروں اور ٹکٹوں کے امور پرتفصیلی گفتگو








