اسلام آباد: حکومت کی جانب سے کیے جانے والے انتظامی اقدامات اور بیرونی منڈی سے گندم کی درآمد کے باوجود ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں کو قابو میں نہ لایا جا سکا، اور 20 کلو آٹے کے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 3 ہزار 800 روپے کی سطح تک پہنچ گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ دستاویز کے مطابق مہنگائی کے اس تازہ لہر میں حیدرآباد کے شہری ملک بھر میں سب سے زیادہ مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 750 روپے ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں شہری 3 ہزار 733 روپے میں 20 کلو آٹا خرید رہے ہیں۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاوہ بنوں اور کوئٹہ میں بھی 20 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت 3 ہزار 600 روپے میں جاری ہے۔ اسی طرح سندھ کے شہر لاڑکانہ میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 3 ہزار 560 روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ پنجاب کے بڑے شہروں لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 533 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں اور صارفین کا کہنا ہے کہ گندم کی درآمد اور سرکاری سطح پر نرخوں کو مستحکم رکھنے کے دعوؤں کے باوجود بنیادی غذائی ضرورت یعنی آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام آدمی اور متوسط طبقے کے گھریلو بجٹ کو شدید دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔








