لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ ہماری کارکردگی لوگوں کےدلوں میں گھر کرگئی، متحدہ اپوزیشن کےساتھ مل کرفیصلہ کرناہے کہ الیکشن کب ہونے ہیں، امریکا سپر پاور ہے، ہم اس سے بگاڑ نہیں سکتے۔
ماڈل ٹاؤن میں صحافیوں سےغیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عدالت میں پیشیوں کے بعد آج ملاقات ہو رہی ہے، پرانا پاکستان واپس آگیا ہے،کئی بارکہہ چکا کہ نوازشریف کی ڈکشنری میں انتقام نہیں، قانون اپنا راستہ بنائےگا، اظہار رائےکی آزادی پرکوئی قدغن نہیں ،لیکن انارکی پھیلانےکی اجازت نہیں دی جائےگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کےاورہمارےبیانیےمیں بڑافرق ہے،ہماری کارکردگی لوگوں کےدلوں میں گھر کرگئی، متحدہ اپوزیشن کےساتھ مل کرفیصلہ کرناہے کہ الیکشن کب ہونے ہیں، اس حکومت کا ٹائم اگلے سال اگست تک ہے، جو مجھےکہتے تھے یہ ایڈمنسٹریٹر ہے انہوں نے میری سیاست بھی دیکھ لی، کوشش کریں گے اگلے الیکشن میں ایک اتحاد بنایاجائے اور ن لیگ اس میں اپنا حصہ ڈالے۔ان کا کہنا تھا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے علاوہ گزشتہ حکومت نےکچھ نہیں کیا، ایکسٹینشن سے متعلق سوال ابھی قبل از وقت ہے، جب وقت آئے گا تو دیکھیں گے،ہر ادارہ اپنے آئینی دائرے میں رہ کر کام کرتا ہے، فوج کی بہت قربانیاں ہیں جو غلط بات کرتا ہے، مذمت ہونی چاہیے، امریکا سپر پاور ہے، ہم اس سے بگاڑ نہیں سکتے۔ انہوں نےکہا کہ سابقہ حکومت نے کھادکامسئلہ پیداکیا،جس سے3ملین ٹن گندم کم پیدا ہوئی، گندم کی در آمد پراربوں روپےخرچ کرنا ہونا افسوس ناک ہے،خیبرپختونخوا کو پوری گندم دی جائے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدرپاکستان تحریک انصاف کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں،صدر نے آئینی اور قانونی خلاف ورزیاں کی ہیں، صدر کے خلاف آئینی پٹیشن بھی ہوسکتی ہے، آئینی پٹیشن پرصبر وتحمل کی پالیسی اپنائی ہے۔
ایک سوال پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ روس سے لے آتے سستی گیس اور تیل، ہمیں تو معاہدے کا کوئی کاغذ نہیں ملا، تحریک انصاف کا کام تو جھوٹ بولنا ہے، مہنگائی زوروں پر ہے، جو پچھلی حکومت کا کیا دھرا ہے، ہمیں آئے تین ہفتے ہوئے ہیں،معاشی پالیسی سے متعلق مشاورت جاری ہے۔
ہماری کارکردگی لوگوں کےدلوں میں گھر کرگئی،امریکا سے بگاڑ نہیں سکتے،وزیراعظم








