اسلام آباد:نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ بلاول اور مریم کی باتوں کا جواب دینا نہیں چاہتا، بیان بازی کی شدت الیکشن ہونےکی تصدیق کررہی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن ہوں گے اور جمعرات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔ انتخابی شیڈول الیکشن کمیشن دے گا، 16 دسمبر سے پہلے انتخابی شیڈول آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جمہوری تاریخ میں بہت سی حکومتیں مدت پوری نہیں کرسکیں، جمہوریت کا مستحکم نہ ہونا ہماری ناکامی ہے۔ ایک دوسرے کے خلاف گولہ باری کرنے والی جماعتیں ایک ساتھ ہوں گی تو حیرت نہیں ہوگی۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالتوں نے سب کو انصاف دیا ہے، سوالات اٹھانے والے زیادتی کررہے ہیں، احتساب سب کا ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سپریم کورٹ کے احکامات پرعمل کے پابند ہیں، ہمارے پاس تعاون نہ کرنے کا آپشن ہی نہیں ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کیس 4 دہائیوں کے بعد سماعت کیلئے مقرر ہوا، بظاہر کیس میں بہت زیادہ بےضابطگیاں نظر آتی ہیں، امید ہےعدالت جن کو بلائے گی وہ سب سچ بولیں گے۔
ملک میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء سے متعلق انھوں نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن پاکستان میں نہیں رہ سکتے، معاملے پر افغان طالبان حکومت نے سخت ردعمل کا اظہار کیا جبکہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی اس حوالے سے بیان بازی سے لگتا ہے وہ افغان حکومت کی ہمدردی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔








