پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 487 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پرتھ کے واکا کرکٹ اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم نے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 346 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔
آسٹریلیا کو چھٹا نقصان 411 رنز پر ایلکس کیری کی صورت میں ہوا جنہیں عامر جمال نے بولڈ کیا جبکہ مچل اسٹارک بھی 9 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
کھانے کے وقفے پر مچل مارش 90 اور پیٹ کمنز 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے لیکن کھانے کے وقفے کے فوری بعد مچل مارش نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے، انہیں خرم شہزاد نے بولڈ کیا جبکہ 481 کے مجموعے پر عامر جمال نے پیٹ کمنز کو بھی سلپ میں کیچ آؤٹ کروا دیا اور ڈیبیو ٹیسٹ پر 6 وکٹیں لینے والے 14 ویں بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
آسٹریلیا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نیتھن لیون تھے جو 5 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ خرم شہزاد کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، ایک ایک کھلاڑی کو فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 164 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مچل مارش نے 90 رنز کی اننگز کھیلی، عثمان خواجہ 41 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔









