اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہاہے کہ بلے کا نشان نہ ملا تو متبادل اسٹریٹجی بنائی ہے، بلے کے انتخابی نشان کے بغیر ہم الیکشن مہم میں نہیں جاسکتے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرعلی ظفر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے حکم پر انٹرا پارٹی الیکشن کروائے، آج الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، میرے خیال میں تمام درخواستیں مسترد کرنی چاہیے۔
بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آج عجیب وغریب سوالات اٹھائے ہیں، الیکشن کمیشن کے سوالات کے جوابات ہیں، لیکن وقت کم ہے، الیکشن کا شیڈول اعلان ہوچکا ہے، لیکن ہمیں جلسے نہیں کرنے دیے جارہے۔
بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ ہم نے انٹرا پارٹی الیکشن شفاف طریقے سے کروائے، ہمیں امید ہے بلے کا انتخانی نشان مل جائے گا، بلے کے انتخابی نشان کے بغیر ہم الیکشن مہم میں نہیں جا سکتے، لیکن ہم نے الیکشن کا بائیکاٹ کسی صورت نہیں کرنا، بلے کا نشان نہ ملا تو متبادل اسٹریٹجی بنائی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کا التوا نہیں چاہتے تھے، سپریم کورٹ کہہ چکی الیکشن ہونا پتھرپرلکیر ہے، اس فیصلے سے تمام ابہام ختم ہو گئے ہیں، عالمی مبصرین بھی الیکشن کے لیے آرہے ہیں، لیول پلینگ فیلڈ پر پی ٹی آئی کو شکایت ہے۔
بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی نہیں چاہیے تکنیکی بنیاد پرالیکشن سے باہرکیا جائے، گرفتاری کے خوف سے قیادت باہر نہیں نکل رہی، قیادت کی گرفتاری الیکشن پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔









