بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عام اتنخابات: انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز، کاغذات نامزدگی اجرا کے حوالے سے پبلک نوٹس جاری

عام انتخابات کے شیڈول کے مطابق انعقاد کے حوالے سے شکوک و شبہات کے خاتمے کے ساتھ انتخابی عمل کا آج سے باقاعدہ آغاز ہوگیا اور کاغذات نامزدگی اجرا کے حوالے سے ریٹرننگ افسران نے پبلک نوٹس جاری کردیے۔

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے کاغذات نامزدگی آج وصول کیے جارہے ہیں، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کےامیدواران کے کاغذات نامزدگی کا اجرا بھی آج سے آغاز ہوگیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ بیس تا بائیس دسمبر ہے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال چوبیس سے تیس دسمبر ہو گی، اعتراضات تین جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے،کاغذات نامزدگی کےخلاف اپیلیں دس جنوری تک سنی جائیں گی۔

ترجمان کے مطابق امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست گیارہ جنوری دو ہزار چوبیس کو جاری کی جائے گی، تیرہ جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں کےامیدواران کاغذات نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ آفیسروں اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن سے سو روپے فیس ادا کر حاصل کرسکتے ہیں۔

بیان کے مطابق کاغذات نامزدگی بیس سے بائیس دسمبر تک اپنے متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کے پاس مقررہ وقت پر جمع کروانا لازم ہے، سیاسی جماعتیں بائیس دسمبر تک مخصوص نشستوں کی امیدواروں کی ترجیح لسٹ متعلقہ ریٹرننگ آفیسروں کو فراہم کردیں۔

پنجاب کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تقریب حلف برداری
پنجاب کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تقریب حلف برداری ہوئی، الیکشن کمشنر پنجاب نے 42ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران سے حلف لیا، الیکشن کمشنر پنجاب نے ڈی آر اوز کی تربیت کے دوران حلف لیا۔

الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ ڈی آراوز بطورالیکشن آفیشل انتخابی قوانین کےمطابق فرائض سرانجام دیں، ڈی آر اوز شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آغاز کل (بدھ) سے شروع ہو جائے گا، الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر کے 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) اور 859 ریٹرننگ افسران (آر اوز) تعینات کیے گئے ہیں۔