اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر کے گیراج میں دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں واقعہ گھر کے گیراج میں گرنیڈ سے دھماکا کیا گیا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں کے زخمی ہوگئے، زخمی اہلکاروں میں محمد عامر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
ثاقب نثار فیملی ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کے وقت ثاقب نثار گھر پر موجود تھے جبکہ واقعے کے بعد تحقیقات کے لیے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
بعدازاں نجی ٹی وی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ دھماکے کے وقت میں وہ گھر پر ہی موجود تھے، زور دار دھماکے کی آواز سن کے باہر آیا، گرنیڈ سے میرے گھر کو نشانہ بنایا گیا۔
ثاقب نثار نے بتایا کہ گرنیڈ دھماکے سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، لاہور پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے گھر پر سی سی ٹی وی نہیں لگا، میں جب چیف جسٹس تھا اس وقت بھی سی سی ٹی وی نہیں لگائے تھے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی رہائش گاہ پر دھماکے میں پولیس کے 2 جوان کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔
آئی جی پنجاب نے زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کردی۔
سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز سمیت سینئر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سابق چیف جسٹس کے اہلخانہ مکمل طور پر محفوظ ہیں،آئی جی پنجاب کا واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کا حکم پولیس کانسٹیبل عامر اور کانسٹیبل خرم معمولی زخمی ہوئے،
واضح رہے میاں ثاقب نثار 31 دسمبر 2016 سے 17 جنوری 2019 تک چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر فائز رہے۔








