بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

   عمران خان پاکستان کیلئے سکیورٹی رسک ،اداروں کو تباہ کرنے کے ایجنڈے پر کار بندہے، خواجہ آصف

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ عمران خان اداروں کو تباہ کرنے کے ایجنڈے پر کار بند ہے، یہ ملک اس وقت ریاست مدینہ کا نہیں کوفے کا منظر پیش کر رہا ہے، عمران خان خود سب سے بڑا میر جعفر اور میر صادق ہے ۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہم پر الزام لگارہے ہیں کہ ہم بیرونی سازش سے آئے ہیں،امپورٹڈ حکومت ہیں،ہم نے جمہوری عمل کے ذریعے حکمران جماعت کو ایوان سے باہر کیا، ہمارے لئے سب سے زیادہ مددگار عمران خان کا رویہ ثابت ہوا،اس کا تکبر اور رعونت ہماری کامیابی کا سبب بنا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اپنے جلسوں میں کسی بھی کارنامے کا ذکر نہیں کیا، نہ وہ مہنگائی کے بارے میں گفتگو کر رہے ہیں، نہ اپنی کوئی کارگردگی بتا رہے ہیں، سابق وزیراعظم نے بھی گزشتہ چار سال میں کمائی کی اور ان کے ساتھیوں نے بھی کھل کر کمائی کی ہے ،پوسٹنگ ٹرانسفرکی ایک ونڈو بنی ہوئی تھی جہاں سے پیسے لیے جاتے تھے ۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے نو منتخب وزیراعظم کو ہر قدم آئین اور قانون کے مطابق اٹھانا ہوگا۔خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان آئین پر چلنے میں تمام اداروں کے لیے رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں، یہ اداروں کو تباہ کرنے کے ایجنڈے پر کار بند ہے،عمران خان پاکستان کی سیاست کا سب سے بدبودار جھونکا ہے، یہ شخص آج بھی سرکاری وسائل استعمال کررہا ہے اسے کوئی شرم ہے نہ حیا ہے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ یہ ملک اس وقت ریاست مدینہ کا نہیں کوفے کا منظر پیش کر رہا ہے، عمران خان خود سب سے بڑا میر جعفر اور میر صادق ہے، پاکستان کے سیکیورٹی ادارے ملک کی بقاء اور سالمیت کے ضامن ہیں،عمران خان نے پچھلے چند ماہ میں اس ادارے میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کی ہے ۔سابق حکومت کے وزراء کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر سابق وزیروں کو لہریں گننے میں لگا دیتے تو وہ اس میں بھی پیسے بنا لیتے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان پاکستان کے لئے سکیورٹی رسک ہیں،اللہ تعالیٰ ہمیں اس شخص کے شر سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے کہاکہ اب ایک نئے دورکا آغازہوا ہے ،اب ذاتی پسند ناپسند کے تحت کچھ نہیں ہوگاہم سب مل کر قومی اتفاق رائے قائم کرنے کی طرف نکل چکے ہیں ہم سب نے آئین اور آئینی اداروں کا دفاع کرنا ہے۔