بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران نیازی اس قوم کا میر جعفر اور میر صادق ہے ، فضل الرحمٰن

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہاہے کہ عمران خان کا دوبارہ اقتدار میں آنے کے لئے تڑپنا صرف اس لئے ہے کہ اپنے ناکام ایجنڈے کو پورا کرکے پاکستان کے وجود کو ختم کرسکے جو کسی صورت پورا نہیں ہونے دیں گے ۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی اس قوم کا میر جعفر اور میر صادق ہے ، اپنے ایجنڈے کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے تشویش میں مبتلا ہے ، عوام نے ان کو پارلیمنٹ کے ذریعے اقتدار سے باہر نکالا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اپنے ایجنڈے کو پورا کرنے کے لئے پاکستان کو پوری دنیا میں رسوا کررہا ہے ، اس نے ساڑھے تین سال ملک کو تباہ و برباد کردیا ، ملک کومعاشی اور اخلاقی طور پر تباہ جب کہ سفارتی سطح پر تنہائی کا شکار کردیا ۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ کیا وہ اسی کردار کے ساتھ دوبارہ حکومت بنانا چاہتے ہیں ، ہمارے دفاعی ادارے کے خلاف بیانات کا مقصد فوج کو تقسیم کرنا نہیں ہے ، ہم نے ادارے کی کسی فرد کی رائے یا اس کے کسی اقدام سے کیا ہے لیکن فوج کے بحیثیت دفاعی ادارے کا ہمیشہ احترام کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ آج اس کے بیانات فوج میں انتشار ڈالنے کے لئے ہیں ، ایلیٹ کلاس کی ایک لابی اس کے پیچھے ہے ، ہم ملک اور ملکی اداروں کو تباہ کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے ، وطن عزیز کے اداروں اور اس کے جغرافیائی سرحدات کی حفاظت کریں گے ۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ اسلامی سربراہی کانفرنس میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی اور اب وہ ایک خاص قسم کی لابی کی پشت پناہی سے دفاعی ادارے کو تقسیم کرنا چاہتا ہے جو بہت بڑا جرم ہے ، ساڑھے تین سال میں کرپشن کا ریکارڈ توڑا اور بین الاقوامی ادارے اس کے گواہ ہیں ۔
مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ کشمیر کا سودا کیا ،امریکہ کی آنکھوں میں کھٹکنے والا سی پیک منصوبہ امریکہ کے کہنے پر ساڑھے تین سال منجمد کئے رکھا ، 74 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک امریکی نیشنل کو اسٹیٹ بینک کا گورنر بنایا ، اسٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا ۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ امریکہ کی مخالفت کا ڈھونک رچانے والے کی کابینہ میں پندرہ سے زائد امریکی اور مغربی شہریت کے حامل لوگ کابینہ کے رکن رہے ، دوبارہ اقتدار میں آنے کے لئے تڑپنا صرف اس لئے ہے کہ اپنے ناکام ایجنڈے کو پورا کرکے پاکستان کے وجود کو ختم کرنا ہے جو کسی صورت پورا نہیں ہونے دیں گے ۔