بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسرائیلی فوج کو غزہ جنگ کی ’بھاری قیمت‘ چکانا پڑی رہی ہے: نیتن یاہو

 

اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ کی جنگ کی ’بہت بھاری قیمت‘ ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے یہ بات اتوار کو اس وقت کہی جب حماس کے ساتھ لڑائی میں مارے جانے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جمعے کے بعد سے فلسطینی علاقے میں 14 فوجیوں کی ہلاکت کے اعلان کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ’غزہ میں لڑائی کے ایک انتہائی مشکل دن کے بعد یہ ایک مشکل صبح ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بہت بھاری قیمت میں پڑ رہی ہے لیکن ہمارے پاس لڑائی جاری رکھنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ہم پوری طاقت کے ساتھ فتح کے حصول تک یہ جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ (ہم یہ جنگ اس وقت تک جاری رکھیں گے) جب تک کہ حماس کی تباہی، اپنے یرغمالیوں کی واپسی اور اس بات کو یقینی بنانا کہ غزہ دوبارہ کبھی بھی اسرائیل کے لیے خطرہ نہیں بنے گا، جیسے تمام اہداف حاصل نہ کر لیں۔ یہ واضح رہے کہ یہ ایک طویل جنگ ہو گی… (جب تک) حماس کا خاتمہ نہیں ہو جاتا اور ہم شمال اور جنوب دونوں میں سیکورٹی بحال نہیں کر لیتے۔
27 اکتوبر کو اسرائیل کے زمینی حملے کے آغاز کے بعد سے اسرائیلی فوج نے فلسطینی علاقے میں 153 فوجیوں کو کھو دیا ہے جن میں ہفتہ کے روز ہلاک ہونے والے 10 فوجی بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ ایک فون کال میں شہریوں کے تحفظ کی ’ضرورت‘پر زور دیا جبکہ نیتن یاہو نےعزم ظاہر کیا کہ اسرائیل ’اپنے تمام اہداف کے حصول تک جنگ جاری رکھے گا۔‘