بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انتخابی مرحلہ، ہزاروں امیدوار مدمقابل، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہفتے تک ہوگی، پارٹی سربراہان کی فہرست سے بانی PTI کا نام ہٹا دیا گیا

لاہور، اسلام آباد، کراچی (ویب ڈیسک) الیکشن 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا، ہزاروں امیدوار مدمقابل ہیں، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہفتے تک ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی تازہ ترین فہرست جاری کر دی جس میں پارٹی سربراہان کی فہرست سے بانی پی ٹی آئی کا نام ہٹا دیا گیا، فہرست میں پرویز خٹک کی PTI پارلیمنٹیرین بھی شامل ہے۔

نوازشریف NA-130لاہور، بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ، شاہ محمود قریشی ملتان، مریم نواز سرگودھا سے بھی میدان میں ہیں جہاں انکا مقابلہ PTI کے نعیم پنجوتھا سے ہوگا۔

شہباز شریف لاہور، کراچی اور قصور، مولانافضل الرحمٰن ڈیرہ اسماعیل خان اور پشین، سراج الحق دیر، خالد مقبولNA-249 کراچی، پرویز الٰہی گجرات، قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیر پاؤ چارسدہ اور جہانگیر ترین لودھراں سے الیکشن لڑیں گے۔

ادھر پنجاب میں امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے اور پولیس کی مداخلت پر صوبائی الیکشن کمشنر نے آئی جی پنجاب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے کہنا تھا کہ شفاف الیکشن میں رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات سننے کے لیے ٹربیونلز قائم کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اور صوبائی نشستوں کیلئے امیدواروں نے اتوار کو بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ کاغذات جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع سے رش ختم ہوگیا تھا۔ اتوار کی چھٹی کے باوجود ملک بھر میں تمام ریٹرننگ، اسسٹنٹ افسران اور عملہ آر او آفس میں حاضر رہے۔ اس موقع پر ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے باہر سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے۔

آج 25 دسمبر سے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا عمل شروع ہوگا جو 31 دسمبر تک جاری رہیگا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے این اے 130سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔ نواز شریف کے کورنگ امیدوار بلال یاسین ہیں۔

نواز شریف کو 26 دسمبر کو اسکروٹنی کیلئے بلا لیا گیا۔ بلاول بھٹو NA194 لاڑکانہ اور شاہ محمود قریشی نے NA150 ملتان سے بھی امیدوار ہونگے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے لاہور کے حلقہ این اے 127سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے گئے۔ اس حلقے سے پی پی لاہور کے صدر اسلم گل نے بھی بطور کورنگ امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے175سیاسی جماعتوں کی تازہ ترین فہرست پھر جاری کردی، پارٹی سربراہان کی فہرست سے عمران خان کا نام خارج ہے جبکہ پرویز خٹک کی پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین بھی شامل ہے۔

مریم نواز شریف کے پی پی 80 شاہ پور سرگودھا سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے گئے انکا مقابلہ پی ٹی آئی کے نعیم پنجوتھا سے ہوگا۔

گزشتہ 5روز کے دوران چاروں صوبوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں سمیت قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 859 جنرل نشستوں پر 32ہزار سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کروائے۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری روز مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور چیف آرگنائزر (ن) لیگ مریم نواز، عمران خان، بیرسٹر گوہر، سراج الحق، مولانا فضل الرحمن سمیت کئی دیگر اہم سیاسی شخصیات نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

نواز شریف نے این اے 130 لاہور، بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 194، شہداد کوٹ سے این اے 196 اور لاہور سے حلقہ این اے 127سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

بتایا گیا ہے کہ ملتان سے وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی، ان کے بیٹے ذین قریشی اور بیٹی مہر بانو قریشی نے اپنے وکلا کی ٹیم کے ہمراہ قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 150، این اے 151اور پی پی 218 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، ذین قریشی نے پی پی 219 سے بھی کاغذات جمع کروائے۔

پی ٹی آئی چوہدری پرویز الٰہی نے گجرات سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 64 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 32، مونس الٰہی نے این اے 64 کے ساتھ پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 32 اور 34 سے کاغذات جمع کروائے، سمیرا الٰہی نے پی پی 34 اور پی پی 32 اور قیصرہ الٰہی نے این اے 64 اور پی پی 32 سے کاغذات نامزدگی فارم جمع کروائے۔

جہانگیر ترین نے این اے 155لودھراں، پی پی 227 اور این اے 149ملتان سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے، لطیف کھوسہ نے این اے 122سے کاغذات جمع کروائے۔

(ن) لیگ کے رہنما احسن اقبال نے نارووال سے این اے 76 اور پی پی 54 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ249 سے کاغذات جمع کروائے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کے لاہور اور مانسہرہ، مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں شہباز شریف نے لاہور اور قصور، بلاول بھٹو نے لاہور اور لاڑکانہ، عمران خان نے میانوالی، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بونیر، مولانا فضل الرحمٰن نے ڈیرہ اسماعیل خان اور پشین، سراج الحق نے دِیر سے، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاؤ نے چارسدہ سے الیکشن لڑیں گے۔

چوہدری شجاعت کی جگہ اُنکے بیٹے چوہدری سالک گجرات سے چوہدری پرویز الٰہی کے مدمقابل ہونگے۔ اسفند یار ولی کی جگہ انکے بیٹے ایمل ولی نے چارسدہ سے، محمود خان اچکزئی نے قلعہ عبداللّٰہ سے، اختر مینگل نے خضدار سے، استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر ترین نے لودھراں جبکہ صدر عبدالعلیم خان نے لاہور سے اور حُروں کے روحانی پیشوا اور جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگاڑا نے خیر پور سندھ سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔

لاہور سے قومی اسمبلی کی 14اور صوبائی اسمبلی کی 30 نشستوں پر 6سو سے زائد سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

لاہور کے حلقہ این اے117میں استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کے مدمقابل پیپلز پارٹی نے آصف ہاشمی اور ن لیگ نے ملک ریاض کو میدان میں اُتارا ہے۔ این اے 118میں ن لیگ کے حمزہ شہبازکا مقابلہ پی ٹی آئی کے محمد خان مدنی اور پیپلز پارٹی کے غلام محی الدین سے ہے، دونوں امیدواروں نے حمزہ شہباز کے مدمقابل کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

این اے 119سے مریم نوازاور علیم خان ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں، دونوں نے اس حلقے سےکاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔