اسلام آباد(ممتازنیوز)پیپلزپارٹی کے رہنماوسابق وفاقی وزیر سیدخورشیدشاہ نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کے انتخابات جیتنے کی صورت میں وزیراعظم کے امیدوار بلاول بھٹوہوں گے،ن لیگ کا ساتھ دینے کی وجہ سے پنجاب میں پیپلزپارٹی نے بہت نقصان اٹھایا،ن لیگ نے اپنے لوگوں کو نگران حکومت میں بٹھایا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خورشیدشاہ نے کہاکہ بلاول وزیراعظم بنیں گے تو تجربہ بھی آجائے گا، بے نظیربھٹوشہید35 سال کی عمر میں وزیراعظم بنی تھیں،بلاول بھی 35 سال کے ہیں،ذوالفقارعلی بھٹو27 سال کی عمرمیں وزیربنے تھے۔انتخابات کے بعد ن لیگ سے اتحاد سے متعلق سوال پر خورشید شاہ نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) سے کوئی بڑے اختلاف نہیں،ن لیگ کےساتھ مسلسل 15 سال سے بہتر اچھے انداز سے چل رہے ہیں، جہاں بھی انہیں مشکلات آئیں پیپلزپارٹی ساتھ کھڑی ہوئی ،ن کی وجہ سے پنجاب میں نقصان اٹھایا،ہمارا ورکرز ناراض ہے،کافی ورکرزچھوڑ گیا کہ پیپلزپارٹی ن لیگ کی جان نہیں چھوڑتی۔انہوں نے کہاکہ ملک کے لیے مل کر کام کرنا پڑے گا،ملک کواس وقت ضرورت ہے کہ ملکر فیصلے کریں، ن لیگ سے اختلاف یہ ہے کہ اس نے نگران حکومت میں اپنے بندے بیٹھادیئے،نگران حکومت میں پیپلزپارٹی کاکوئی ٹکٹ ہولڈرنہیں،سرفرازبگٹی پیپلزپارٹی کے ممبرہوتے ہوئے نگران حکومت میں نہیں تھے۔انہوں نے کہاکہ مستحکم جمہوریت میں پارٹیوں میں بحث مباحثہ ہوتا ہے، پیپلزپارٹی کی باتیں اس لئے باہر آجاتی ہیںکیونکہ یہ عوامی جماعت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈنہیں ملی لیکن ہمیں اس صورتحال کے ساتھ چلنا ہے،کاغذات نامزدگی چھیننااچھی بات نہیں ،اس سے انتخابات پر سوالیہ نشان لگ جائے گا۔پی ٹی آئی کے الیکشن لڑنے سے متعلق انہوں نے کہاکہ اگر کسی پارٹی کا کوئی کسی معاملے میں ملوث ہے تو الیکشن نہ لڑے لیکن باقی لوگوں کاکیاقصور ہے انہیں میدان میں آناچاہئے، چنددن کے کھیل سے ملک کے مستقبل سے نہ کھلیں،عدلیہ کا کام ہے کہ اچھے طریقے سے انتخابات کراتی ہے۔خورشیدشاہ نے کہاکہ موجودہ صورت حال میں سادہ اکثریت کوئی جماعت نہیں لے کر آئے گی، مل کر حکومت بنانی پڑے گی۔ آصف زرداری کے دوبارہ صدر بننے سے متعلق خورشیدشاہ نے کہاکہ ہر چیزممکن ہے،صدربنناآصف زداری کا حق ہے انہوں نے پہلے بھی صدارت شان سے چلائی، پہلاصدر ہے جس نے اپنے سارے اختیارات پارلیمنٹ کو دے دیئے۔
بلاول وزیراعظم،زرداری صدر،خورشید شاہ کا اہم بیان سامنے آگیا








