بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکا جانے کے منتظر افغانوں کو بھی پاکستان نے ڈی پورٹ کر دیا، غیرملکی میڈیاکاالزام

واشنگٹن: ایک ایڈوکیسی گروپ اور افغان درخواست دہندگان کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کی ملک بدری کی مہم نے امریکا میں آباد کاری کے منتظر متعدد افغانوں کو وطن واپس بھیج دیا ہے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی حکام اکثر امریکی سفارت خانے کے تحفظ کے خطوط کو نظر انداز کرتے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق افغان ایویک (AfghanEvac) کے صدر شان وان ڈیور نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ میں خصوصی امیگریشن ویزوں یا پناہ گزینوں کی باز آباد کاری کے لیے منتظر کم از کم 130 افغانوں کو ملک بدر کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے اتحادی ارکان کے اعداد و شمار اور اسلام آباد کے سفارت خانے کی جانب سے امریکی حکومت کو فراہم کردہ تفصیلات کا حوالہ دیا جو انہوں نے دیکھنے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی پولیس نے ایسے 230 سے زائد افغانوں کو حراست میں لیا ہے، اور تقریبا 80 کو رہا کر دیا گیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکہ کے پاس ’اس قسم کے کیسز کا سراغ لگانے کا کوئی باضابطہ طریقہ نہیں ہے‘، انہوں نے مزید کہا کہ امریکی آباد کاری کے انتظار میں ملک بدر کیے جانے والے افغانوں کی تعداد ’بہت کم‘ ہے۔

میڈیا رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ اس حوالے سے پاکستان کی وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ نے تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔