ٓاسلام آباد(اصغر چوہدری)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی پنجاب پولیس کی جانب سے اڈیالہ جیل کے احاطے سے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بر خلاف دوبارہ گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ طاقت کے ننگے راج کا نوٹس لے اور شاہ محمود قریشی کی فی الفور بازیابی و رہائی کے احکامات صادر کریں۔وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی اڈیالہ جیل سے رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتاری اور نامعلوم مقام پر منتقلی پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی ترجمان نے کہا ہےکہ سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت کی منظوری کے بعد شاہ محمود قریشی کی ہتک آمیز گرفتاری عدلیہ اور نظامِ انصاف کے چہرے پر طمانچہ ہے۔پی ٹی آئی ترجمان نے نشاندہی کی کہ انتخابات میں واضح اور یقینی شکست کے آثار نے ریاست کے وجود پر پاگل پن سوار کررکھا ہے اس لیے بانی چیئرمین عمران خان اور قوم کے مابین اٹوٹ رشتے کو توڑنے میں ناکام ریاست وحشت اور ظلم کی ہر حد پار کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے شیڈیول کے اعلان کے بعد تحریک انصاف کی قیادت، امیدواران اور کارکنان کیخلاف جبر و فسطائیت میں شدّت پیدا کی گئی ہے۔پی ٹی آئی ترجمان نے یاد دلایا کہ شاہ محمود قریشی انتخاب میں تحریک انصاف کے اہم امیدواروں میں سے ایک ہیں، انہیں حراست میں رکھ کر انتخاب کی دوڑ سے جبراً باہر رکھنے کی شرمناک کوششیں کی جارہی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سائفر جیسے بھونڈے اور جعلی مقدمے کی عملی موت کے بعد الیکشن فرائض کی انجام دہی کے پابند ڈپٹی کمشنر کیجانب سے شاہ محمود قریشی کی نظربندی کے احکامات اور رہائی کے بعد فوراً گرفتاری لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔









