پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما لطیف کھوسہ کے بیٹے خرم لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کے دوران لاہو ہائی کورٹ کے جج نے استفسار کیا کہ خرم لطیف کھوسہ کہاں ہیں؟ مجھے ابھی بتایا جائے وہ کہاں ہیں؟
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے خرم لطیف کھوسہ کی بازیابی کے لیے ان کے والد و رہنما پی ٹی آئی لطیف کھوسہ کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ خرم لطیف کھوسہ کہاں ہیں؟ مجھے ابھی بتایا جائے وہ کہاں ہیں؟
انہوں نے ہدایت کی کہ سی سی پی او سے ہدایات لے کر بتائیں، کیا گرفتاری ہوئی ہے کہ نہیں، وہ کہاں ہیں فوری بتایا جائے۔
عدالت نے سماعت ایک گھنٹے کے لیے ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ خرم لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کو گزشتہ روز لاہور پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔
سردار لطیف کھوسہ نے بتایا تھا کہ خرم لطیف کھوسہ کو لاہور کے مزنگ تھانے کی پولیس نے ہائی کورٹ کے قریب آفس سے گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں تھانہ مزنگ جارہا ہوں اور الزام لگایا کہ مجھے پی ٹی آئی کی وجہ سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔









