اسلام آباد(نیوزڈیسک)پی ٹی آئی امیدواروں کی جانب سے دوسری جماعت کے ٹکٹس جمع کروانے کا معاملہ ، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے اہم فیصلہ جاری کر دیا۔
تحریری فیصلہ تین صفحات پر مشتمل ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے امیدوار دوسری سیاسی جماعت کے ٹکٹ جمع نہیں کراسکتے۔ ایسا کرنا کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کرائے گئے ایفیڈویٹ کی خلاف ورزی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ان درخواستوں کے ذریعے سے الیکشن کمیشن کو دھوکا دیا جارہا ہے۔ الیکشن کمیشن کو دھوکا دے کر قانون کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔الیکشن کمیشن حکم دیتا ہے کہ کوئی انتخابی نشان کسی دوسرے پارٹی کے امیدوار کو نہ دیا جائے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جو امیدوار کسی اور جماعت کا ممبر ہو اور دوسری جماعت کا نشان مانگے ، وہ نہ دیاجائے۔ آر اوز ایسے کسی امیدوار کو دوسرا انتخابی نشان نہ دیں۔الیکشن ایکٹ کے تحت امیدوار اپنی پارٹی وابستگی کا سرٹیفکیٹ دیتا ہے۔ایک شخص ایک وقت میں ایک سے زیادہ پارٹی کا رکن نہیں ہوسکتا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے قومی و صوبائی اسمبلی کے تمام امیدواروں کو پی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹس جاری کر دیے ہیں۔ پی ٹی آئی بلے کے بجائے اب بلے باز کے نشان پر الیکشن لڑنے کی خواہشمند ہے۔
تمام امیدواران کوہدایت کی گئی ہےکہ وہ پی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹس فوری طورپرآراوز اور ڈی آروز کے دفاتر میں جمع کروائیں ۔ اگر کوئی ٹکٹ جمع نہ کرے تو پولیس یا سنٹرل الیکشن کمیشن کو شکایات ای میل کے ذریعے کریں اور فوری طور سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کریں ۔
دوسری جماعت کے ٹکٹ جمع کرانا خلاف قانون ہے: الیکشن کمیشن








