بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مکہ ڈیفنس کمیٹی اجلاس، سعودیہ کی سلامتی کیلئے بھرپور کوششوں کا عزم

اسلام آباد میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

اجلاس کے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی نے خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور تینوں ممالک کی جانب سے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اجتماعی طور پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی نے جاری سیاسی اور عسکری مشاورت کے نتائج کا بھی جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون و ہم آہنگی بڑھانے، علاقائی کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت کرنے اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی کے لیے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثی ملیشیا کے مسلسل اور گھناؤنے حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا اور معاہدے کی اجتماعی دفاعی شقوں کے مطابق مملکت کی سلامتی کے تحفظ میں اس کی حمایت کے لیے اپنی اجتماعی کوششیں جاری رکھنے اور انہیں مزید تیز کرنے کے عزم کو دہرایا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ فریقین نے مشترکہ سکیورٹی خدشات سے نمٹنے اور خطے میں امن و سلامتی میں کردار ادا کرنے کے لیے اپنی مسلح افواج کی اجتماعی صلاحیتوں اور ہم آہنگی کو بڑھانے کی غرض سے دفاعی صنعتوں، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اسلام آباد میں مکہ معاہدے کی کمیٹی کا اجلاس، سعودی عرب کی سلامتی کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ
اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ کمیٹی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور چیفس آف ڈیفنس فورسز و جنرل اسٹاف پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہونے والے اجلاس میں انہوں نے وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ پاکستان کی نمائندگی کی۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفد میں سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی شامل تھے۔ اسی طرح ترکیے کے اعلیٰ سطح کے وفد میں ترک وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان، وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بیرقدار اوغلو شریک ہوئے۔

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ اجلاس میں خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور تینوں ممالک کی جانب سے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اسلام آباد میں مکہ معاہدے کی کمیٹی کا اجلاس، سعودی عرب کی سلامتی کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ
انہوں نے کہا کہ تینوں فریقین نے ’مکہ الائنس فار ڈیفنس‘ کے گزشتہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا اور سعودی عرب میں اتحاد کے سیکرٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ کمیٹی نے علاقائی کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت کرنے اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی کے لیے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کا اجلاس نہ صرف تینوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور یکجہتی کے رشتوں کی علامت ہے بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اجلاس عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے اور مضبوط سفارتی اثر و رسوخ کو بھی ظاہر کرتا ہے۔