مری، راولپنڈی (ممتازنیوز)ٹکٹ نہ ملنے پر راجہ عتیق سروراور حامد نواز راجہ نے بھی مسلم لیگ(ن)سے راہیں جداکرلیں۔تفصیلات کے مطابق مری میں ٹکٹوں کی تقسیم پر مسلم لیگ ن میں شدید اختلافات سامنے آنے لگے۔شاہد خاقان عباسی کے بعد نائب صدر مسلم لیگ ن پنجاب راجہ عتیق سرور بھی مستعفی ہوگئے، راجہ عتیق سرور نے کہا کہ پارٹی نے خود دعوت دی کہ شاہد خاقان عباسی اور سردار مہتاب کے ساتھ جاؤں۔راجہ عتیق سرور نے کہا کہ پی پی 6 کا ٹکٹ پی پی 7 کو دینا مری اور کوٹلی ستیاں کے عوام کی توہین ہے۔ادھر راولپنڈی کے سابق تحصیل ناظم حامد نواز راجہ،جنہوں نے حال ہی میں لندن میں مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کی تھی این اے 53 میں ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی کو خیرآبادکہہ دیااور اور استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔ پاکستان استحکام پارٹی نے حامد نواز راجہ کوپی پی 15 سے ٹکٹ جاری کر دیا ۔سابق تحصیل ناظم حامد راجہ نے ٹکٹ ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کرا دیئے ۔ وہ پارٹی رہنمائوں اور علاقہ عوام کے ساتھ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے پارٹی استحکام کی جانب سے جاری کئے گئے ٹکٹ کوریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کرایا ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ نے لینڈ مافیا کے شخص ٹکٹ دیاہے ،انہیں ٹکٹ سے محروم رکھنے میں چودھری تنویرا ور دیگر کا ہاتھ ہے۔









