نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقرنے صوبے میں بڑھتے جرائم پر سخت برہمی کا ظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے خاموشی کی وجہ پوچھ لی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان نگران وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبے میں بدامنی کے بڑھتے واقعات پر نگران وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز کو خط لکھا ہے۔
خط میں جسٹس (ر) مقبول باقر نے استفسار کیا کہ بگڑتی صورتحال کے باوجود قانون نافذ کرنے والے ادارے بدستورخاموش کیوں ہیں؟
انہوں نے لکھا کہ سندھ کے بڑے شہروں سمیت دیہی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، صوبے کے سنگین جرائم میں اضافہ خوش آئند نہیں ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم جیسی واردات روزانہ بڑھتی جارہی ہیں، انتخابی امیدواروں پرحملہ اوردن دیہاڑے اغوا کے واقعات کی بھی رپورٹس ہیں، صحافیوں، وکلا، ڈاکٹرز، تاجرز اور دیگرپیشہ ور افراد کی جان و مال کو خطرات لاحق ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں جرائم کی بڑھتی لہر کے خلاف فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔








