اسلام آباد(طارق محمود سمیر)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینیٹر مشاہد حسین سید نے پاک ایران سرحد کی کشیدہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے بڑی حماقت کی،پاکستان نے حساب چکتا کردیا،اب سفارتکاری اور مذاکرات کی ضرورت ہے،ایران نے 2013 کے سکیورٹی معاہدے کی خلاف ورزی کی ،جو میزائل پاکستان کی طر ف آئے وہ تل ابیب کی طرف کیوں نہیں گئے،48 گھنٹوں میں تین اسلامی ممالک عراق،شام اور پاکستان پر ایرانی حملے اندرونی دباو اور عوامی ردعمل کا نتیجہ ہوسکتا ہے،پاک فوج نے بروقت اور 2019 کے بھارت کے دیئے گئے جواب کی طرف پر کارروائی کی،ضیادور میں بھی ایک کارروائی کی گئی تھی ،امریکی دباو کے باوجود ضاالحق نے ایران کے خلاف محاذ کھولنے سے انکار کردیاتھا۔ ’’ممتازڈیجیٹل ‘‘ کو دیئے گئے خصوصی انٹرویومیں مشاہد حسین سیدنے کہاکہ پاک ایران سرحد کشیدگی اور مسئلہ پہلے سے چل رہاتھا سرحدی علاقے میں دہشت گردی کامسئلہ ہے جو کسی کے قابو میں یا کنٹرول میں نہیں ہیں ، اس حوالے سےپہلے افغانستان کی سرزمین استعمال ہوتی تھی اور پھر یہ مسئلہ بلوچستان کے ساتھ ایرانی علاقے سے بھی شروع ہوا وہاں سے بھی جو پاکستان دشمن دہشت گرد ہیں وہ کارروائی کرنے لگے یہ مسئلہ دونوں طرف سے چل رہا تھا لیکن دونوں طرف سے بڑی اچھی گفتگو بھی ہو رہی تھی کچھ معاہدے بھی ہوئے تھے سکیورٹی ایگریمنٹ بھی ہوا تھا،ہمارے آرمی چیف بھی ایران گئے،دونوں ملکوں کی ہماری انٹیلی جنس کے درمیان اچھاتعاون تھا لیکن یکدم ایران نے پاکستان میں کارروائی کا فیصلہ کیا جو یکطرفہ اور حیران کن ہے اور یہ حماقت بھی ہے کیونکہ یہ حملوں کی ہیٹرک ہے جن میں عراق ،شام اور پاکستان کونشانہ بنایاگیا، تین مسلمان ممالک پر حملے کئے گئے جو افسوسناک امر ہے ،بہتر ہوتا کہ ایران کی توپوں کے رخ اسرائیل کی جانب ہوتے جو ہر جگہ ظلم کر رہا ہے فلسطینیوں کو شہیدکاجارہا ہے لبنان میں حزب اللہ کیخلاف حملے کئے گئے ۔انہوں نے کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ شاہدایران کی ریاست میں بھی کوئی اپنی اسٹیبلشمنٹ ہے کوئی کئی ملٹی پل پاورسنٹرز ہیں اور ان کی کوئی ڈیپ سٹیٹ ہے جسے پاسدران انقلاب کہتے ہیں، میں یہ اس لئے کہہ رہا ہوںکہ اس سے چند گھنٹے پہلے ایران کے وزیر خارجہ کی پاکستان کے وزیراعظم سے ملاقات ہوئی اور بڑی خوشگوار ملاقات تھی جس میں کھل کر باتیں ہوئیںلیکن اس کارروائی کا کوئی ذکر نہیں ہو تو مجھے لگتا ہے کہ شاہد اس کارروائی کا وزارت خارجہ کو بھی معلوم نہیں تھا۔مشاہد حسین سید نے کہاکہ ایران کوحالیہ اقدامات کابڑا نقصان پہنچاہےعراق ان کا ہمسایہ بھی ہے اور حلیف بھی، انہوں نے کہا ہے کہ ہم یہ معاملہ یو این سکیورٹی کونسل لے کر جائیں گے۔ پھر انہوں نے اپنا تہران سے اپناسفیر بغداد واپس بلا لیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہشام کا تو اپنا مسئلہ ہے پھر پاکستان ایران کا ایک اور ہمسایہ ہے جس نے کبھی ایران کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچایا۔ سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ ایک زمانے میں انڈیا اور ایران کی قربت تھی پھر بعد میں قربت ختم ہو گئی تھی جب ایران اور جو ان کا معاہدہ تھا پائپ لائن کا اس سے انحراف کیا ہے ہندوستان نے امریکی دبائو پر اور انہوں نے فیصلہ کیا کہ پائپ لائن نہیں بنائیں گے لیکن وہ نیو کلیئر ایگریمنٹ کر لیں گے امریکہ سے تو وہ پیچھے ہٹ گیا تھا، ہمارا خیال تھا کہ اس سے فرق پڑے گا لیکن ایران کی اپنی سر زمین جہاں پاکستان نے اب ان کے ٹھکانوں پر حملہ کیا وہ بی ایل ایف کے کیمپس تھے جو ایک علیحدگی پسند اوردہشتگرد تنظیم ہے،پاکستان کے حملے کے حوالے سے ایران نے بھی تسلیم کر لیا ہےکہ اس میں کوئی ایرانی شخص نہیں مارا گیا لیکن وہ دہشت گرد کیمپ تھا جبکہ پاکستان پر حملے کے نتیجے میں معصوم بچے مارے گئے ،ایران کی کارروائی فروری 2013ء کے سکیورٹی معاہدے کے منافی تھی اس معاہدے میں ایک کلاز ہے کہ دہشت گردی کے حوالے سے اگر کوئی مشترکہ حکمت عملی تیار کرنی ہے تو ہم مل جل کے آپریشن یا جوائنٹ آپریشن کر سکتے ہیںاس کے باوجود پاکستان کی سالمیت کیخلاف ورزی کی گئی یہ تو جارحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2008عبدالحمید ریگی اور اس کے تیرہ ساتھیوں کو پاکستان نے پکڑا اور ایران کے حوالے کیا اور ایران میں مقدمات کے بعد ان کو پھانسیاں ہو ئیں تو ہم نے تو اپنا فرض ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ ماضی میں امریکہ نے پاکستان پر ایران کے خلاف نیا محاذ کھولنے کے لیے دباو ڈالا یہ 1984 کی بات ہے لیکن اس وقت جنرل ضیاء نے انکار کر دیاتھا۔ انہوں نے کہا تھاکہ ایران کیخلاف ہم کوئی قدم نہیں اٹھا سکتے حالانکہ اس وقت عراق ایران کی جنگ بھی تھی اور اس کے باوجود پاکستان نے کہا کہ ہم اس پر نیوٹرل ہیں،پھر امریکہ اور عرب ملکوں کی مخالفت کے باوجود جولائی 1986 میں سید علی خامنہ ای کوپاکستان کے دورے پر بلایاگیا۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ اس سے قبل کبھی ایسا نہیں ہوا جو ابھی ہوا ہے کیونکہ اس سے قبل اس طرح براہ راست حملہ بھی نہیں ہوا یہ ایک طرح سے وہی حملہ تھا جو پلوامہ کے بعد ہندوستان نےفروری 2019 میں کیاتھااور اس کا جواب چوبیس گھنٹے کے اندر دے دیا گیا تھا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے آپس میں اختلافات رہے لیکن پاکستان کبھی بھی استعمال نہیں ہوا بلکہ پاکستان کی کوشش رہی کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تصفیہ ہو جائے ۔انہوں نے کہاکہ میرا نہیں خیال کہ سی پیک سے ایران کی بندرگاہ متاثر ہوگی چاہ بہار میںاگر وہ کوشش کریں گے یہ ایران کی اپنی لارجر گیم ہے دراصل ان کواندرونی دبائو ہے۔مشاہدحسین نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ ایران نے جو خلاف ورزی کی ہے اس کے ساتھ کوئی ملک کھڑا نہیں ہو گا میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان نے بروقت جواب صحیح جواب دیااور وہ جواب بنتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ڈیفنس منسٹر کا بیان بڑامتکبرانہ بیان تھا جس میں انہوں نے بڑے اکڑ کے جواب دیا کہ بھئی ہماری سکیورٹی کا ایشو ہے تو ہماری خودمختاری کابھی ایشو ہے ان کی اگر سکیورٹی ہے تو ہماری بھی خودمختاری ہے۔انہوں نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ صورت حال کو معمول پر لانے کے لئے سب سے کلیدی اور اہم کردار سفارتکاری کا ہے اب حساب برابر ہو گیا ہے انہوں نے حملہ کیا ہم نے جوابی حملے میں ایرانی باشندے نہیں مارے ہم نے دہشت گرد وں کے ٹھکانے پر حملہ کیا لہذا اب وقت آ گیا ہے سفارت کاری او سیاسی ڈائیلاگ شروع کئے جائیں ، چین دونوں ملکوں کا دوست ہے وہ اس ضمن میں اچھاکردار اداکرسکتا ہے پاکستان کو چاہیے بیجنگ سے رابطہ کرے کہ وہ ہمارے معاملے کو حل کرائے ،مشاہدحسین نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے،دونوں ملکوں کو ملکر اس ضمن میں کام کرناچاہے ۔
ایران کی حماقت ،پاکستان نے حساب چکتا کردیا،اب سفارتکاری و مذاکرات ہونے چاہئیں،مشاہدحسین








