پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کے 159رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 20 رنزپرگرگئی۔
پاکستان کے 159رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ابتدائی تینوں وکٹس کپتان شاہین شاہ آفریدی نے لیں۔
نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 8 رنز پر فن ایلن کی صورت کی گری جب کیوی اوپننگ بیٹسمین کپتان شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر صائم ایوب کو کیچ دے بیٹھے، اس کے بعد ٹم سیفرٹ کو شاہین شاہ آفریدی نے صفر پر کیچ آؤٹ کیا، اس کے بعد شاہین نے صرف 4 رنز پر ول یونگ کو بھی پویلین بھیج دیا۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 158 رنز بنا ئے تھے،کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب اس بار بھی ناکام رہے اور دوسرے اوور میں صرف ایک رن پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو 56 کے مجموعے پر 19 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، 88 رنز پر فخر زمان بھی 15 گیندوں پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اعظم خان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے صاحبزادہ فرحان بھی دو گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ایک جانب وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن دوسری جانب محمد رضوان ذمہ دارانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ 126 کے مجموعی اسکور پر افتخار احمد 14 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔
محمد رضوان 63 گیندوں پر 90 رنز اور محمد نواز 9 گیندوں پر 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ٹاس
قبل ازیں ٹاس جیت کر کیوی کپتان مچل سینٹنر کا کہنا تھا نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور کوویڈ کا شکار ہونے والے ڈیون کونوے کی جگہ ول ینگ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کرتے، ورلڈکپ کی تیاری کے لیے ٹیم میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں اور آج کے میچ کے لیے اعظم خان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو شامل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 3 صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔









