اسلام آباد(نیوزڈیسک)بانی پی ٹی آئی عمرا ن خان او ر ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس پر سماعت 23 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق آج ہونے والی سماعت میں دو گواہان کے بیانات قلمبند جبکہ ایک گواہ پر جرح مکمل کی گئی جس کا کہنا تھا کہ کونسل جنرل پاکستان نے کمپنی کو تحائف کا تخمینہ لگانے کیلئے اپروچ کیا۔ گراف جیولری سیٹ کا تخمینہ 19.492 ملین امریکی ڈالر لگا تھا۔
نیب کی جانب سے بنی گالہ میں چیف سیکیورٹی انعام شاہ کا بیان قلمبند کرانے کی کوشش پر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اعتراض اٹھا تے ہوئے کہا کہ اگر اس کا بیان لینا ہے تو قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھائے ۔
تفصیل کے مطابق اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت اسلام اباد کے جج محمد بشیر نے کی۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ دبئی سے آئے ایک گواہ کے بیان پر جرح مکمل کی گئی جبکہ دو گواہان کے بیانات قلمبند کیئے گئے۔ گراف جیولری سیٹ اور بریسلٹ گھڑی کی مالیت کا تخمینہ لگانے والی کمپنی کے ملازم عمران بشیر نے عدالت کے روبرو اپنا بیان قلمبند کرتے ہوئے بتایا کہ کونسل جنرل پاکستان کی جانب سے کمپنی کوتخمینہ کیلئے اپروچ کیا، کمپنی نے گراف جیولری سیٹ اور بریسلٹ واچ کے تخمینہ کی ذمہ داری مجھےسونپی اور ان چیزوں کی مارکیٹ ویلیو سرچ کرنے کا کہا، میں نے ڈائمنڈ ڈیلرز اور جیولری آؤٹ لیٹس سے ان پٹ لینے کے بعد تحائف کی قیمت کا تخمینہ 19.492 ملین امریکی ڈالر لگایا جس کی رپورٹ کونسل جنرل پاکستان کے دفتر جمع کرائی۔
گواہ کا بیان مکمل ہونے پر وکیل صفائی شہباز کھوسہ نے جرح کی۔ گواہ کا مزید کہنا تھا کہ محسن حبیب نے گراف جیولری سیٹ کے تخمینہ کیلئے تصاویر دیں، میں کمپنی میں بطور پارٹ ٹائم سیلز مین کا کام کرتا ہوں،گراف جیولری سیٹ اور بریسلٹ واچ تخمینہ کیلئے فزیکلی مجھے نہیں دی گئیں اور مجھے کوئی ادائیگی بھی نہ کی گئی، مجھے کمپنی کی جانب سے ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے،کمپنی نے جیولری سیٹ کے تخمینہ کیلئے کتنے پیسے لئےمجھے معلوم نہیں ہے اور کمپنی کو ادائیگی ڈالر میں ہوئی، درہم میں یا پاکستانی کرنسی میں ہوئی مجھے نہیں معلوم۔
اس کا کہنا تھا کہ کونسلیٹ کی جانب سے تحائف کے تخمینے کیلئے تحریری درخواست کا علم نہیں، یہ درست ہے کہ مجھے تحریری طور پر تحائف کی مالیت کا تخمینہ لگانے کا ٹاسک نہیں دیا گیا تھا، میرے پاس کمپنی کا کوئی اتھارٹی لیٹر بھی نہیں اور نہ ہی تفتیشی افسر کو پیش کیا۔ یہ درست ہے کہ عدالت کے سامنے پیش ہونے سے متعلق بھی میرے پاس کمپنی کا کوئی اتھارٹی لیٹر نہیں، میں نے ہی تحائف کا تخمینہ رپورٹ تیار کرکے کونسل دفتر میں جمع کرایا۔میں نے ڈائمنڈ ایکسپرٹس، جیولری مینوفیکچررز اور مارکیٹ ریسرچ کرکے تخمینہ رپورٹ تیار کی، جیولری آئٹم کی سپیسفکیشن لسٹ تفتیشی افسر کو فراہم نہیں کی۔
اس موقع پر وکیل نے سوال کیا کہ کیا یہ درست ہے کہ آپ کو نیب کی جانب سے بنی بنائی رپورٹ ملی جو آپ نے کونسل جنرل کو فراہم کی جس پر گواہ نے جواب دیا کہ یہ کہنا درست نہیں ہے لیکن یہ درست ہے کہ تحائف کے تخمینے کے حوالے سے مارکیٹ ریسرچ دستاویزات تفتیشی کے سامنے پیش نہیں کیں۔
وکیل نے گواہ کے سامنے ایک اور سوال اٹھایا کہ کیا مارکیٹ ریسرچ دستاویزات تفتیشی کے سامنے اس لیے نہیں رکھے گئے کہ یہ ریسرچ کی ہی نہیں گئی تھی جس پر گواہ نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں ہے۔ ہاں یہ بھی درست ہے کہ ڈائمنڈ ایکسپرٹ کی ان پٹ دستاویزات بھی تفتیشی افسر کو فراہم نہیں کی گئیں۔
وکیل نے اگلا سوال اٹھایا کہ ڈائمنڈ کو مانپنے کا یونٹ قیرٹ ہوتا ہے لیکن رپورٹ میں گرام لکھا گیا ہے جس پر گواہ نے کہا کہ یہ کلیریکل غلطی ہے۔ وکیل نے جرح کو آگے بڑھاتے ہوئے سوال کیا کہ ڈائمنڈ کا نہ رنگ اور نہ کلیئریٹی لکھی گئی ہے تو کیسے اس کی مالیت کا تخمینہ لگایا گیا؟ کیا آپ تصویر دیکھ کر ہیرے کی قیمت کا تخمینہ لگا سکتے ہیں؟
گواہ نے جواباً کہا کہ تصویر سے نہیں ، ہیرے کی سپیسفکیشن سے اس کی قیمت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، جس کمپنی کے ساتھ کام کرتا ہوں اس کے مالک کا نام نہیں جانتا ہوں، تاہم ایچ آر منیجر کا نام عبداللہ ہے، یہ جانتا ہوں۔
وکیل نے سوال اٹھایا کہ دبئی میں کئی ملٹی نیشل کمپنیاں موجود ہیں، مگر تحائف کی قیمت کا تخمینہ ایک انڈین کمپنی سے لگوایا گیا کیونکہ تمام ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے انکار کیا گیا جس کے بعد انڈین کمپنی سے تخمینہ لگوایا گیا۔
سماعت میں رینبو انٹر پرائزز نامی کمپنی کے سیلز مین گواہ عمران بشیر کے بیان پر جرح مکمل کرلی گئی۔ عدالت نے گواہ نیب افسر مستنصر کا بیان بھی قلمبند کرلیا۔ نیب کی جانب سے بنی گالہ میں چیف سیکیورٹی انعام شاہ کا بیان قلمبند کرانے کی کوشش پر بانی پی ٹی آئی نے اعتراض کردیا اور کہا کہ انعام شاہ کا بیان قلمبند کرانے سے قبل قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر حلف لیا جائے اور میں بھی حلف دوں گا کہ جھوٹ بولنے پر مجھ پر اور میرے بچوں پر اللہ کا عذاب ہو، یہ بھی قرآن پر ہاتھ رکھے میں بھی رکھوں گا۔
آئندہ سماعت پر نیب کے سلطانی گواہ انعام اللہ شاہ، صہیب عباسی کے بیانات قلمبند ہوں گے۔ عدالت نے ریفرنس پر مزید سماعت 23 جنوری تک ملتوی کردی۔
توشہ خانہ ریفرنس پر سماعت 23 جنوری تک ملتوی








