اسلام آباد(ممتازنیوز)چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رجب حرمت اور عظمت والا مہینہ ہے اس ماہ مقدس میں ملک میں جاری خشک سالی کے خاتمے کے لئے بارش کے لئے خصوصی دعا کی اپیل کرتا ہوں ۔ اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑکی اپیل پر پورے ملک میں 26 جنوری جمعہ کے دن نماز استسقاء ادا کی جائے گی۔طاہر اشرفی نے کہا کہ پچھلے ہفتے میں پاکستان اور برادر ملک ایران کا ذکر رہا ہے ۔ایران کی طرف سے پاکستان کی حدود کی خلاف ورزی کی گئی ۔ حالیہ پاکستان ایران کشیدگی کے خاتمے کے لئے پاکستان نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جسے پوری دنیا نے تسلیم کیا۔حکومت پاکستان ، عسکری قیادت اور سلامتی کے اداروں کی بروقت کارروائی اور مدبرانہ فیصلے لائق تحسین ہے۔ حکومت کی طرف سے جو اقدامات کیے گئے اسے پوری دنیا نے سراہا ۔ثابت ہو گیا پوری پاکستانی قوم ایک ہے۔دنیا کے سامنے آ چکا ہے کہ پاکستان کا دفاع بہت مضبوط ہے۔اس سے پاکستان کے وقار میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے دونوں ممالک کا بڑا قریبی تعلق ہے۔ایران میں بی ایل اے اور بی ایل ایف کے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا گیاجو پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث تھے۔پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان نے ایک ذمہداراور امن پسند ملک ہونے کا ثبوت دیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کا پورے عالم اسلام اور دیگر یورپین ممالک سے رابطہ ہے ۔ پاکستان اپنی سلامتی پر کوئی کمپرومائز نہیں کرے گا۔پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کی مذمت کی ہے ۔ دنیا کے سامنے آ چکا ہے کہ پاکستان کادفاع مضبوط ہے۔پاکستان نے جو دفاع کیا اس کا نشانہ کوئی ایران کا شہری نہیں جسے ایران کی حکومت نے خود تسلیم کیا۔ایران میں بی ایل اے اور بی اہل ایف کا کیمپ تھا وہ وہاں کیا کر رہے تھے۔ پوری قوم اپنی فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔غزہ کے معاملے پر حکومت اور قوم ساتھ کھڑی ہے، فلسطین کاز کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں۔پاکستان کے سپہ سالار نے فلسطینی سفیر سے جی ایچ کیو میں ملاقات کر کے تعاون کا یقین دلایا۔پاکستانی فوج کے اور حکومت کی جانب سے اب تک اہل غزہ کی امداد کے لئے چار جہاز امداد کے لیے بھجوائے جاچکے ہیں۔ پاکستان فلسطینیوں کے حوالے سے کسی صورت غافل نہیں ہے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں بےگناہوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کو جب پاکستان نشانہ بناتا ہے تو سچ سامنے آتا ہے۔یہ پاکستان کی سلامتی کے اداروں کو نشانہ بناتے ہیں۔انسانی حقوق کی بات ہے تو کیا مزدوروں کو انسانی حقوق کا حق نہیں کیا باقی لوگوں کے حقوق نہیں ہیں۔ BLF اور BLAدھرنا گروپ کے ایران میں کیمپ کی موجودگی اور یہاں بے بنیاد پروپیگینڈا ان کے عزائم کو بے نقاب کرتا ہے ۔انہوں نے تمام علما سے اپیل کی کہ روزانہ کی بنیاد پر فرض نمازوں کے بعد بارشوں کے لیے خصوصی طور پر دعا ئیں مانگیں۔
وزیراعظم کی اپیل پر پورے ملک میں 26 جنوری جمعہ کے دن نماز استسقاء ادا کی جائے گی،طاہراشرفی








