بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ن لیگ کامنشور،اہم اعلانات اورقابل عمل وعدے

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)مسلم لیگ(ن) نے اپنے انتخابی منشورکااعلان کردیا جس میں پارلیمنٹ کی بالادستی،عدالتی اور آئینی اصلاحات ،نیب کے خاتمے ،ایک
سال میں مہنگائی میں 10 فیصد کمی ،بجلی کی قیمتوں میں تیس فیصد کمی لانے سمیت دیگر اہم اقدامات کااعلان کیاگیاہے،یہ منشور سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے تیارکیا ہے، جس کا اعلان ن لیگ کے قائد میاں نوازشریف،پارٹی صدر شہبازشریف اور عرفان صدیقی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا ، منشور میں پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے کو شامل کیا گیاہے اور عدالتی اصلاحات کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کو اپنی اصل حالت میںبحال کرنے کا کہا گیاہے ،منصوبہ میں سب سے اہم اعلان نیب کے خاتمے کاہے اور نیب کے خاتمے کی صورت میں انسدادبدعنوانی کے اداروں اور ایجنسیوں کومضبوط بنانے کااعلان کیاگیا جبکہہ ضابطہ فوجداری میں ترمیم کی جائے گی ،معاشی اصلاحات کے حوالے سب سے اہم یہ ہے کہ 2025 میں مہنگائی میں دس فیصد کمی لائی جائے گی اور چارسال کے عرصے میں مہنگائی کی شرح کوکم کرکے چار سے چھ فیصد لایا جائے گا، خارجہ پالیسی کے حوالے سے بھی بھارت سے تعلقات کی بہتری کی بات کی گئی ہے تاہم اس کے ساتھ یہ بھی واضح کیاگیا کہ بھارت 2019 میںمقبوضہ کشمیر سے متعلق کئے گئے اپنے تمام غیرآئینی اقدامات واپس لے ، ن لیگ کے منشور میں نوازشریف کی خواہش پر وہی باتیں شامل کی گئی ہیں جن پر عملدرآمد ممکن ہے ،کوئی ایسا نعرہ شامل نہیںکیاگیا جس پر عمل ممکن نہ ہو،نیب کا ہمیشہ غلط استعمال کیاگیا ،چاہے نوازشریف کے 1997 کا سیف الرحمان کااحتساب بیورو ہو اس وقت بھی سیاسی بنیادوں پر بہت زیادہ انتقامی کارروائیاں کی گئیںاور بعدازاں میثاق جمہوریت کا لندن میں معاہدہ ہوا تو نوازشریف اور ان کے ساتھیوں نے پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف بنائے گئے مقدمات پر معذرت کی تھی پھر مشرف کے دور میں نیب نے پہلے ق لیگ بنوائی پھرپیپلزپارٹی کوتوڑاگیااور پی پی پیٹریاٹ بنائی گئی۔ نوازشریف کے 2013 کے دورحکومت میں جب آصف زرداری کی ایک تقریرسے اسٹیبلشمنٹ ناراض ہوئی تو نیب حرکت میں آیا ،ڈاکٹرعاصم حسین کو گرفتارکیاگیااور ان کے مقدمے کا آج تک فیصلہ نہیں ہوا،اسی طرح جب جنرل(ر) باجوہ سے نوازشریف ناراض ہوئے تو ایک بارپھر نیب کا خوب استعمال کیاگیا، نوازشریف،شہبازشریف،مریم نواز،حمزہ شہبازکے علاوہ چندبیوروکریٹس، آصف زرداری اور ان کی بہن کو جیلوں میںپہنچایا گیا،نیب کے غلط استعمال کے باعث ترقیاتی عمل رک گیا ،بیوروکریسی نے کام کرناچھوڑ دیااور سرمایہ کاروں نے بھی نیب کے خوف سے سرمایہ کاری روک دی جس پر عمران خان کے دور میں ہی ایک آرڈیننس لایاگیا ،نیب کے خاتمے کا مطالبہ مختلف سیاسی جماعتیں بھی کرتی رہیں اور سپریم کورٹ کے ججز بھی نیب کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہارچکے ہیں۔ملکی معیشت کے حوالے سے ن لیگ کو بڑے چیلنجزکاسامنا ہے ، مہنگائی کوکنٹرول کرناہوگا ،مہنگائی کی وجہ سے ہی عوام ن لیگ سے ناراض رہے ہیں،نوازشریف سے عوام کو بڑی توقعات ہیں اور ن لیگ نے سلوگن بنایا ہے کہ پاکستان کو نوازدو،سچے نوازکاسچامنشور،نوازشریف نے کچھ گلے شکوے بھی کئے ہیںاور 2013میں خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کو حکومت بنانے کا موقع دیااور اب کہہ رہے ہیںکہ غلط ہوا، بہرحال اب مستقبل کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے اور الیکشن بہت قریب ہیں، سروے اور رپورٹس ن لیگ کے حق میں آرہی ہیں بہرحال پھر بھی حتمی فیصلہ عوام نے کرناہے اور عوام کی پرچی ہی نے حکمران جماعت کا فیصلہ کرناہے۔
تجزیہ