بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

راولپنڈی کے ناکام جلسے کا داغ سیالکوٹ نے دھودیا

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)مسلم لیگ (ن )کے راولپنڈی میں ناکام پاورشو کی کسر سیالکوٹ نے پوری کردی،کامیاب جلسہ منعقدکرانے پر نواز شر یف نے خواجہ محمدآصف کو سراہا،اپنے خطاب کے دوران سابق وزیراعظم نے جس طریقے سے خواجہ آصف کو خراج تحسین پیش کیا ایسے عام طور پر وہ بہت کم ہی کسی کی تعریف کرتے ہیں،انہوں نے خواجہ آصف سے 34 سالہ رفاقت کاحوالہ دیااور بظاہر یہ حوالہ انہوں نے چودھری نثارعلی خان کے ان بیانات کے تناظر میں دیا جن میں وہ نوازشریف کے ساتھ 34 سال کے تعلق کا حوالہ دیتے رہے ہیں۔ اس موقع پر خواجہ آصف نے نوازشریف کی تصحیح کرتے ہوئے کہاکہ ان کا اور نوازشریف کا 34 سال نہیں بلکہ 55 سال کا تعلق ہے،دونوں گورنمنٹ کالج میں کلاس فیلو تھے ،سیالکوٹ کے جلسے میں مریم نوازنے اپنی تقریر میںکہاکہ چن چن کر ہیرے موتی سیالکوٹ نے ن لیگ کو دیئے، خواجہ آصف ان میں سے ہیں، خواجہ آصف کا مقابلہ پی ٹی آئی کے عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈارسے ہے اور کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، خواجہ آصف کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے مسلم لیگ(ن) کی پوری قیادت وہاں پہنچی ہے۔ نوازشریف، مریم نوازکے علاوہ شہبازشریف نے بھی جلسے میں شرکت یقینی بنائی،ن لیگ کے دورمیں سیالکوٹ میںموٹروے سمیت دیگر اہم منصوبے بھی دیئے گئے جن کا ذکرن لیگی قیادت نے اپنے خطاب میں کیااور امیدظاہرکی کہ سیالکوٹ کے عوام انہیں مایوس نہیںکریں گے۔ادھر راولپنڈی میں میٹروبس سمیت کئی اہم منصوبے مسلم لیگ ن نے دیئے ہیں لیکن اس کے باوجود جلسہ کامیاب نہ ہونے کی وجہ دراصل مقامی قیادت میں اختلافات ہیں،ناراض رہنماوں کو منانے کے لیے پارٹی قیادت نے کمیٹیاں بھی بنائی تھی۔ اس ضمن میں مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادراور گلگت بلتستان سے حفیظ الرحمان نے حنیف عباسی،ملک ابراراورچودھری تنویر سے ملاقاتیں بھی کیں تاکہ انہیں اکٹھے بٹھایا جائے لیکن اس میںکوئی کامیابی نہیں مل سکی۔علاوہ ازیں راولپنڈی میں جلسے کے حوالے سے کوآرڈی نیشن بھی بالکل نہیں تھی ،ضلع راولپنڈی میںن لیگ کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کے 21امیدوار ہیں اگر کوآرڈی نیشن ہوتی تو پنڈی میں تاریخی جلسہ کیا جاسکتاتھا حتیٰ کہ اسلام آباد کے تین حلقوں کے امیدواروں سے ہی رابطہ کیا جاتا اور وہ ایک ،ایک ہزار بندہ ہی لے آتے تو پندی کا جلسہ کامیاب ہوسکتاتھا، ذرائع کے مطابق نوازشریف نے راولپنڈی میں جلسے کی ناکامی کا نوٹس لے لیا ہے اور اس ضمن میں مقامی قیادت سے وضاحت مانگی گئی ہے۔

https://twitter.com/_AsadChaudhry/status/1751628581472727173