اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات کے لیے اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کردیا جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی 2 فروری تک مکمل ہوجائے گی، چاروں صوبوں میں بیلٹ پیپرزکی ترسیل کا عمل شروع کردیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عام انتخابات 2024 کی تیاریوں سے متعلق جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمیشن کو انتخابات کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ بجٹ ونگ نے اب تک کے اخراجات اور اکاؤنٹس میں موجودہ رقم کے بارے میں بریفنگ دی۔
اس کے علاوہ الیکشن ونگ نے بیلیٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔
دوران اجلاس ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اب تک 60 فیصد سے زائد حلقوں کے بیلیٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہو چکی ہے، کئی اضلاع میں بیلیٹ پیپرز کی ترسیل کی جا چکی ہے۔
الیکشن کمیشن نے اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام مراحل بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اجلاس کوبریفنگ میں بتایا گیا اب تک 9 لاکھ 76 ہزار پولنگ عملے میں سے 9 لاکھ 70 ہزار کی تربیت مکمل ہوچکی ہے جبکہ بقیہ عملے کی تربیت اگلے 4 دن میں مکمل ہوجائے گی۔
الیکشن کمیشن نے کراچی میں 2 سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم، فائرنگ اور صوابی میں پوسٹل بیلٹ پیپرز چھینے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹریز اورآئی جیز سے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی۔
الیکشن کمیشن نے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج اور قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کردی۔








