بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کو درپیش سیاسی معاشی، انتظامی بحران کے خاتمے کے لیے 40 ذیلی صوبے بنائے جائیں،ڈاکٹر اعجاز شفیع گیلانی

اسلام آباد(ممتازنیوز )پاکستان میں8 فروری 2024 کے انتخابات کے نتیجے میں ملک کو درپیش بحرانوں کا خاتمہ ممکن نہیں ہے اور نہ ہی حقیقی جمہوریت قائم ہو سکتی ہے ۔
گیلپ پاکستان اور گیلانی ریسرچ فاؤنڈیشن کے اعزازی چیئرمین ڈاکٹر اعجاز شفیع گیلانی نے 1970 سے2018 تک 48 سالوں میں ہونے والے گیارہ قومی انتخابات کے تجزیے کے نتیجے میں تجویز دی ہے کہ پاکستان کو درپیش سیاسی معاشی، انتظامی بحران کے خاتمے کے لیے 40 ذیلی صوبے بنائے جائیں۔ ڈاکٹر اعجاز شفیع گیلانی نے اپنی نئی کتاب پاکستان کے قومی انتخابات میں 1970 سے2018 تک میں پاکستان میں حقیقی جمہوریت اور استحکام کا روڈ میپ دیا ہے ۔
ڈاکٹر اعجاز شفیع گیلانی کی کتاب کی تقریب رونمائی گزشتہ روز اسلام آباد کلب میں ہوئی ، تقریب میں سر کردہ شخصیات ، بالخصوص ، سیاستدانوں،سفارت کاروں، بیوروکریٹس نے بھی شرکت کی ان میں سنیٹر فرحت اللہ بابر ،سنیٹر سعدیہ عباسی بھی شامل تھیں۔
تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر اعجاز شفیع گیلانی نے بتایا کہ1970 سے2018 تک کا سیاسی سفر اب2024 میں بھی جاری ہے ۔ اب نئے انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں ، پاکستان میں8 فروری 2024 کوبارہویں عام انتخابات ہونے والے ہیں حالات سے لگتا ہے کہ صورت حال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ، اقتدار کی کشمکش اوراختیارات کا کھیل ایسے ہی رہے گا ۔پاکستان میں 120 ملین ووٹر ہیں اور 272 سیٹیں قومی اسمبلی کی ہیں، قریب قریب 550 سیٹیں صوبائی اسمبلیوں کی ہیں اور 100 سینیٹ کی ہیں، مگر ان کے طلب گار اس سے بہت زیادہ ہیں۔قومی اسمبلی کے امیدوار چار پانچ ہزار تک ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو سیاسی، سماجی اور انتظامی بحرانوں کا سامنا ہے اور 2024 کے عام انتخابات سے یہ کثیرالجہتی بحران ختم ہونے کی امید نہیں لگائی جا سکتی۔ ان انتخابات کے بعد بننے والی حکومت کو ملک کا بہت بڑا طبقہ ماننے کے لیے ہی تیار نہیں ہو گا تو بحران کیسے ختم ہو گا۔ لہذا بحران کو حل کرنے کے لیے 40 ذیلی صوبے قائم کیے جانے چاہئیں۔اس طرح حقیقی معنوں لوگ باختیار ہوں گے ۔ اس کے علاوہ نئی بننے والی حکومت کو پہلے دو سال استعمال کرنے چاہئیں اور اگر حکومت اپنے آپ میں اعتماد رکھتی ہو تو اس حکومت کو 2 سال کے بعد خود نئے انتخابات کا اعلان کرنا چاہیے۔ ایسا کرنے سے وہ سیاسی جماعتیں جو الیکشن میں شکست سے دوچار ہوئی ہوں گی، وہ بھی محض دو سال کے لیے اس محرومی کو کھلے دل سے قبول کر لیں گی۔
ڈاکٹر اعجاز شفیع گیلانی نے 1970 سے2018 تک کے 11 انتخابات میں سیاسی جماعتوں کی صورت حال کا تجزیہ کرتے ہوئے بتایا کہ سیاسی جماعتیں کئی کئی گروپوں میں تقسیم ہیں۔ صورت حال یہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے 30 پاکستان پیپلز پارٹی کے9 دینی جماعتوں کے 60 پاکستان تحریک انصاف کے3 پلس گروپ ہیں۔ مسلم لیگ پاکستان کو مسلم نیشنل پاکستان، پیپلز پارٹی نیشنل پاکستان ، اور دینی جماعتیں پاکستان کو اسلامی ریاست بنانا چاہتی ہیں ۔ علاقائی پارٹیاں فیڈرل اسٹیٹ چاہتی ہیں ۔ ڈاکٹر اعجاز شفیع گیلانی کے مطابق 1970 سے1918 تک کے انتخابات ایک ایسا عمل تھا جس کے نتیجے میں کوئی حقیقی چیز تیار نہیں ہو سکی ۔
1985، 1988، 1990، 1993 اور پھر 1997؛ یہ پانچوں الیکشن ایک ہی جیسے تھے جن کی بنیاد 1985 میں پڑی تھی پھر 2008 ,،2013، اور2018 کے انتخابات ہوئے جس میں منتخب اور غیرمنتخب نمائندگان کے مابین ایک خاص قسم کے تعلق کی نوعیت تھی۔ یہ الیکشن انتقال اقتدار کے لیے نہیں بلکہ شرکت اقتدار کے لیے منعقد ہوتے تھے۔ اس دوران صدر کو یہ اختیار حاصل تھا کہ وہ معمولی وجوہات کی بنیاد پر بھی منتخب حکومت کو گھر بھیج سکتا تھا۔ بعد میں اس قانون کو ختم کیا گیا ۔
ڈاکٹر اعجاز شفیع گیلانی نے 1970 سے2018 تک 48 سالوں میں ہونے والے گیارہ قومی انتخابات کے تجزیے میں کئی اہم پہلووں کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیلپ پاکستان اور گیلانی ریسرچ فاؤنڈیشن کے تحت رائے عامہ کے جائزوں کے زریعے صورت حال کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے ۔ گیلپ پاکستان اور گیلانی ریسرچ فاؤنڈیشن پر رائے عامہ کے جائزوں میں ڈیٹا کی تبدیلی کے لیے ہمیشہ دباو رہا ہے ۔
ڈیٹا تبدیلی کا دباو تھرڈ پارٹی کی طرف سے آتا رہا ہے ۔ مگر ایسا موقع نہیں آیا جب ہم نے یہ دباو قبول کیا ہو۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ اب وہ گیلپ پاکستان کو نہیں دیکھتے بلکہ بلال گیلانی دیکھتے ہیں لیکن اگر ایسا موقع آتا ہے جب ہم ڈیٹا کی تبدیلی کے لیے دباو قبول کرتے ہیں اس دن ہم یہ ادارے بند کر دیں گے ۔ یاد رہے ڈاکٹر اعجاز شفیع گیلانی پیشے کے اعتبار سے استاد رہے ہیں ۔
انہوں نے اپنے تدریسی کیریئر کا آغاز 1971 میں کراچی یونیورسٹی سے کیا۔ وہ 1977 میں میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (MIT) سے پی ایچ ڈی کے بعد قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں صدر شعبہ بین الاقوامی امور اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آبادمیں بطور ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز خدمات سرانجام دیتے رہے۔ انہوں نے 1980 میں ادارہ رائے عامہ پاکستان کے قیام سے ملک میں رائے عامہ کی سائنس اور گیلپ سروے کی بنیاد ڈالی۔ ان دنوں وہ گیلپ پاکستان اور گیلانی ریسرچ فاؤنڈیشن کے اعزازی چیئرمین ہیں۔