2018میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی سلیکٹڈ وزیراعظم تھے، شہباز شریف
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2018میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی سلیکٹڈ وزیراعظم تھے ، ہماری جیتی ہوئی سیٹیوں کو ہروا دیا گیا، اور آرٹی ایس کو بند کر دیا گیا تھا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9مئی کی سازش میں شامل لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں کیونکہ جو ملک کا حال ہوا وہ پوری قوم نے دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کیلئے ووٹ ا ن لوگوں نے دینا تھا جو پارلیمان کے اندر تھے، مجھے پی ٹی آئی کے لوگوں نے کہا سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت سے وہ تنگ ہیں، میں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا کیونکہ یہ مناسب نہیں ۔ اس وقت جنرل باجوہ نے کہا تھا اگر عدم اعتماد نہیں لائیں گے تو فوری الیکشن کریں گے۔
میرے پارٹی کے قائد نوازشریف الیکشن چاہتے تھے، اجتماعی سوچ تھی ، سب نے کہا عدم اعتما د کی تحریک لانا ہمارا حق ہے۔
شہباز شریف نے کہنا تھا کہ نوازشریف نے کبھی افواج پاکستان کے سپہ سالار کیخلاف بات نہیں کی، نوازشریف کی حکومت 3 بار ختم کی گئی، لیکن جس طرح سابق چیئرمین پی ٹی آئی بات کرتے تھے نوازشریف نے کبھی ایسی بات نہیں کی ہے ۔
نوازشریف کو ایک جھوٹے مقدمے میں دھرا گیا، پانامہ میں ان کا نام بھی نہیں تھا۔ ہر منصوبے کے اوپر نوازشریف کی تختی تھی، ان پر تو کوئی رحم نہیں کیا گیا، نوازشریف کو باہر جانے کی اجازت سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی کابینہ نے دی۔








