اسلام آباد(ممتازنیوز)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اگر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہ کیا گیا تو دنیا کو تیسری جنگ عظیم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، یوم یکجہتی کشمیر ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی تسلط کے خلاف اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے مشعال حسین ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام مودی حکومت کی اکھنڈ بھارت بنانے کی کوششوں کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان اور اسرائیل کی حکومتیں عالمی امن کے لیے بڑے خطرات ہیںکیونکہ مودی مقبوضہ کشمیر اور نیتن یاہو فلسطین میں وحشیانہ نسل کشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت غیر کشمیریوں کو اندھا دھند کشمیری ڈومیسائل دے کر جموں و کشمیر کی آبادی کو تبدیل کر رہا ہے جو تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی سرپرستی میں مسلم وراثت کے خاتمے کی کوششوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مداخلت کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں ایک کشمیر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو حکومت کو مسئلہ کمشیر کے بارے میں ایک طویل المدتی اسٹریٹجک پلان تیار کر کے دے گی۔ یونیورسٹیوں میں کشمیر سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں اور کشمیر کاز کو ضلعی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور حق خود ارادیت کے حصول تک ان کیلئے اخلاقی، سفارتی اور ہر ممکن سطح پر آواز اٹھاتا رہے رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غیرقانونی قبضہ ایک بین الاقوامی تنازع ہے جس کا حل اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں میں موجود ہے۔ سات دہائیوں سے جاری مظالم کے باوجود بھارت کشمیری عوام کا عزم و حوصلہ توڑنے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادی پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں اور کشمیری عوام کو ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی سے نجات دلائیں۔ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطے میں امن کا قیام ناممکن ہے ۔ ا ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام بڑی طاقتیں مسئلہ کشمیر کے جلد حل کیلئے کردار ادا کریں تا کہ امن قائم ہونے سے یہ خطہ بہتر ترقی حاصل کر کے غربت و افلاس سے نکل کر خوشحالی کی طرف بڑھے۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کی تمام بڑی طاقتوں کو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ یہ خطہ بہتر ترقی کر سکے اور غربت سے نکل کر خوشحالی کی طرف بڑھ سکے۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل پاکستان اور مشرق وسطی کی صلاحیت کو تباہ کرنے کے لیے پیدا کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کشمیر کاز کے لیے محترمہ مشعال حسین ملک کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ کشمیر ایک دن بھارت کے تسلط سے ضرور سے آزادی حاصل کر لے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانچ فروری کو عام تعطیل کا سلسلہ ختم کیا جائے اور سکولوں اور کالجزمیں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر نوید ملک نے عالمی عدالت انصاف سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کی طرح کشمیر کے حوالے سے بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
تقریب سے انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ، رانا محمد اکرم، رانا سعید دوشی، محترمہ ناصرہ علی، اور شہباز چوہان نے بھی خطاب کیا۔








